کشمیریوں کے قتل عام پر پاکستان خاموش نہیں بیٹھے گا،وزیراعظم عمران خان
اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے عالمی برادری پر واضح کردیا کہ کشمیریوں کے قتل عام پر پاکستان خاموش نہیں بیٹھے گا، نہتے کشمیریوں پر حملوں میں اضافہ ہورہا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی بربریت کے حوالے سے بات کی۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ جنگ بندی لکیر کے اس پار نہتے شہریوں پر مقبوضہ بھارتی افواج کے شدت پکڑتے اور معمول بنتے حملوں کے پیش نظر لازم ہے کہ سلامتی کونسل عسکری مبصر مشن کی مقبوضہ کشمیر میں فی الفور واپسی کے لیے بھارت سے اصرار کرے۔
عمران خان نے کہا کہ ہمیں ہندوستان کی جانب سے ایک خود ساختہ اور جعلی حملے کا سخت اندیشہ ہے۔
جنگ بندی لکیرکے اس پار نہتے شہریوں پر مقبوضہ بھارتی افواج کے شدت پکڑتے اور معمول بنتےحملوں کے پیش نظر لازم ہے کہ سلامتی کونسل عسکری مبصر مشن (UNMOGIP) کی مقبوضہ کشمیر میں فی الفور واپسی کیلئے بھارت سے اصرار کرے۔ہمیں ہندوستان کی جانب سے ایک خودساختہ/جعلی حملے کا سخت اندیشہ ہے۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) January 19, 2020
اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وہ ہندوستان کے ساتھ عالمی برادری پر بھی واضح کردینا چاہتے ہیں کہ بھارت جنگ بندی لکیر کے اس پار عسکری حملوں میں نہتے کشمیریوں کے بہیمانہ قتل عام کا سلسلہ دراز نہ کرے ۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ اگر بھارت ایسا کرتا ہے تو پاکستان کے لیے سرحد پر خاموش تماشائی بیٹھے رہنا مشکل ہوجائے گا۔
میں ہندوستان کیساتھ عالمی برادری پر بھی واضح کردینا چاہتا ہوں کہ اگر بھارت جنگ بندی لکیر کے اس پار عسکری حملوں میں نہتے شہریوں کے بہیمانہ قتل عام کا سلسلہ دراز کرتا ہے تو پاکستان کیلئے سرحد پر خاموش تماشائی بنے بیٹھے رہنا مشکل ہو جائے گا۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) January 19, 2020
Comments are closed on this story.