اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری مؤخر کردی

اپ ڈیٹ 29 جنوری 2020 11:16am
فائل فوٹو

اسلام آباد:اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری اگلے اجلاس تک مؤخر کردی جبکہ 2اداروں کی ضمنی گرانٹس سمیت دیگر اہم امور کی منظوری دے دی  گئی۔

ذرائع کے مطابق ،اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس مشیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔

گیس کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت پٹرولیم کی سمری کی منظوری ایک بار پھر مؤخر کردی گئی ہے۔

ای سی سی نے اسٹیٹ بینک کو ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی لمیٹڈ میں اپنے شیئرز فروخت کرنے کی اجازت دے دی۔

اجلاس میں مالی سال2019-20ء کے لیے  وزارت خزانہ کے اخراجات پورا کرنے کے لیے 8 کروڑ روپے اور ای گورنمنٹ پروگرام کے نفاذ کے لیے درکار انفارمیشن کمیونی کیشن ٹیکنالوجی انفرا سٹرکچر کیلئے 10 کروڑ روپے ضمنی گرانٹ کی منظوری دے دی گئی۔

 پاکستان سٹیل ملز کے ذمہ سوئی سدرن گیس کمپنی کے واجب الادا گیس بلوں کی ادائیگی کی مد میں 35 کروڑ روپے کے اجراء کی منظوری بھی دی گئی۔