وزیر اعظم کاملک بھر میں اشیائے خوردونوش میں ملاوٹ کا نوٹس

شائع 13 فروری 2020 04:24pm
وزیر اعظم عمران خان- فائل فوٹو

وزیراعظم نےکراچی میں آٹےکی قیمتیں کم نہ ہونے اور ملک بھر میں اشیائے خوردونوش میں ملاوٹ کا نوٹس  لیتے ہوئےاقدامات کی ہدایت کردی۔عمران خان کہتے ہیں ملاوٹ کرنے والےعناصر عوام اور ہمارے بچوں کی صحت سے کھیلتے ہیں جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت  اشیائے خوردونوش کی قیمتوں سے متعلق جائزہ اجلاس میں وفاقی وزرا،پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے وزرائے اعلیٰ شریک ہوئے۔جبکہ چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی۔

متعلقہ حکام نےاجلاس میں بتایا کہ پنجاب، خیبر پختونخواہ اور وفاقی دارالحکومت میں آٹے، چینی، چاول و مختلف دیگر اشیاء کی قیمتوں میں استحکام آیا ہے تاہم سندھ میں اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پاسکو نے سندھ کوچارلاکھ ٹن گندم فراہم کردی ہے ۔اقتصادی رابطہ کمیٹی مزید ایک لاکھ  ٹن گندم فراہمی پرغور کرے گی۔

 وزیراعظم نے چیف سیکریٹری سندھ کوآٹے کی قیمت پر قابو پانےکےلئے اقدامات کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ دودھ، گوشت، دالوں جیسی روزمرہ کی اشیا میں ملاوٹ کسی صورت قابل قبول نہیں۔ ملاوٹ کےخاتمے کےلئے ایکشن پلان ترتیب دیا جائے اور قومی سطح پر ایمرجنسی کانفاذ کرکے اس کا تدارک کیا جائے۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت ایک اور  اجلاس کے دوران سندھ میں وفاقی ترقیاتی اسکیموں پر پیشرفت  کا جائزہ لیا گیا۔