بھارتی قیادت آر ایس ایس کے نظریے پر عمل پیرا ہے،وزیراعظم عمران خان

اپ ڈیٹ 21 فروری 2020 10:28am
فائل فوٹو

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارتی قیادت آر ایس ایس کے نظریے پر عمل پیرا ہے ،انتہاپسندانہ نظریہ بھارتی قیادت کا سب سے بڑا مسئلہ ہے،امریکاطالبان مذاکرات کی کامیابی سے امن کا قیام ممکن ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان نے وی آرٹی نیوزبیلجیئم کوانٹرویودیتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ سال پاکستان کا محفوظ ترین سال تھا، اس سے قبل دہشت گردی کےخلاف جنگ میں 70ہزار پاکستانیوں نے جانیں قربان کیں۔

وزیراعظم نے پڑوسی ملک بھارت کی موجودہ قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی قیادت آر ایس ایس کےنظریے پر عمل پیراہے،انتہاپسندانہ نظریہ بھارتی قیادت کا سب سے بڑا مسئلہ ہے،اقلیتوں پر مظالم کے ساتھ مقبوضہ کشمیر میں بھی انسانی حقوق کی مسلسل پامالی کی جا رہی ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ امریکاامن کے لیے طالبان سے مذاکرات کررہا ہے،افغان امن کےلیےپہلی دفعہ درست راستے کا انتخاب کیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ نائن الیون کے بعد 2019 پاکستان میں محفوظ ترین سال رہا،امریکاطالبان مذاکرات کی کامیابی سے امن کا قیام ممکن ہوگا۔