فیصل واوڈاکونااہل قراردینےکی درخواست پر سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی

اپ ڈیٹ 24 فروری 2020 08:20am
فائل فوٹو

اسلام آباد:وفاقی وزیر فیصل واوڈا کو دہری شہریت چھپانے پر نااہل قرار دینے کی درخواست پر سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی کردی ۔

پیر 24 فروری کو فیصل واوڈا کی دہری شہریت چھپانے پر انہیں نااہل قرار دینے کی درخواست پر سماعت ہونا تھی تاہم اسلام آبادہائی کورٹ کے جسٹس عامرفاروق کی عدالت میں مقدمات کی کازلسٹ منسوخ کردی گئی جس کے بعد درخواست پر سماعت بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کردی گئی۔

ذرائع کے مطابق جسٹس عامرفاروق طبیعت ناساز ہونے کے باعث آج چھٹی پر ہیں، ان کی ناسازی طبیعت کے باعث تمام کیسز کی سماعت بھی منسوخ کردی گئیں۔

واضح رہے کہ عدالت نےمیاں فیصل ایڈووکیٹ کی درخواست پر فیصل واڈا، الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر رکھا ہے۔

وکیل درخواست گزار کے مطابق فیصل واوڈا نے الیکشن کمیشن میں دہری شہریت سے متعلق جھوٹا حلف نامہ جمع کرایا تھا،وہ نامزدگی فارمز جمع کراتے ہوئے دہری شہریت رکھتے تھے۔

درخواست گزار کے وکیل کا مؤقف ہے کہ عدالتی فیصلے کے مطابق فیصل واوڈا کو دہری شہریت چھوڑ کر نامزدگی فارم جمع کرانا تھا۔

عدالت کی جانب سے گزشتہ سماعت پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آج 24فروروی کو دلائل طلب کر لیے تھے ۔