کوئٹہ: بیوی اور 4 بچوں کو قتل کرنے کے بعد شوہر کی خود کشی کی کوشش
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں گھریلو تنازع پر شوہر نے فائرنگ کرکے اپنی بیوی اور 4 بچوں کو قتل کرنے کے بعد خود کو بھی گولی مار لی ہے۔
پولیس کے مطابق پیر کو کوئٹہ کے علاقے وحدت کالونی میں رہائش پذیر سرکاری ملازم محمد آصف بلوچ نے گھریلو ناچاقی کے باعث مشتعل ہوکر اپنی بیوی اور 4 بچوں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
واقعے کے بعد ملزم آصف نے اپنے سر میں گولی مار کر خودکشی کی کوشش کی تاہم اسے تشویشناک حالت میں نجی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
واقعے میں جاں بحق ہونے والی خاتون اور چاروں بچوں کی لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول بچوں کی عمریں 4 سے 9 سال کے درمیان تھیں۔ ذرائع کے مطابق ملزم سرکاری ملازم تھا اور ایک ماہ قبل اپنی اہلیہ کے ہمراہ عمرے کی سعادت حاصل کرکے وطن واپس آیا تھا۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی جب کہ اہل علاقہ اس افسوسناک سانحے پر صدمے اور غم کی کیفیت میں مبتلا ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات سامنے لائی جائیں گی۔
خود کشی کی کوشش کرنے والے شخص کا ویڈیو بیان
دوسری جانب کوئٹہ میں شوہر کے ہاتھوں بیوی اور بچوں کے مبینہ قتل کی تحقیقات میں اہم موڑ آگیا ہے، خود کشی کی کوشش کرنے والے شخص آصف خان نے چند روز قبل ایک ویڈیو بیان ریکارڈ کیا تھا، جس میں اس نے کئی سرکاری افسران کے نام لیے تھے اور کہا تھا کہ اسے یہ افراد تنگ کررہے ہیں اور اس کی زندگی اجیرن بنادی گئی ہے۔
آصف نے بتایا تھا کہ اسے مسلسل دھمکیاں دی جارہی ہیں، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ اگر یہ ویڈیو دیکھیں تو اس کے ساتھ انصاف کریں۔
آصف کی جانب سے بیوی بچوں کو قتل کرنے کے بعد اس ویڈیو بیان کی بنیاد پر قانون حرکت میں آگیا اور کئی اعلیٰ افسران کو حراست میں لے لیا گیا ہے جب کہ حراست میں لیے گئے افراد میں انڈر سیکریٹری آفتاب جبل، ڈائریکٹر انڈسٹریز اقبال اور سعید مینگل شامل ہیں۔
پولیس تحقیقات کررہی ہے کہ یہ افسران کیوں آصف کو تنگ کررہے تھے اور اس کے اصل محرکات کیا ہیں۔















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔