خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بارشوں کی پیش گوئی، سيلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ
محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔
حکام کے مطابق آج خیبرپختونخوا کے مختلف حصوں میں آسمان پر جزوی طور پر بادل چھائے رہیں گے، جبکہ صوبے کے میدانی اور پہاڑی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔
بارش کا یہ امکان پشاور، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، صوابی، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، ملاکنڈ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں موجود ہے۔
اس کے علاوہ باجوڑ، مہمند، خیبر، کوہاٹ، کرک، ہنگو، کرم، اورکزئی، لکی مروت، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، اور شمالی و جنوبی وزیرستان میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
بارش کے ساتھ ساتھ محکمہ موسمیات نے ممکنہ خطرات کے حوالے سے بھی خبردار کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے ترجمان نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ”پہاڑی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور تودے گرنے کا خدشہ ہے، جبکہ ندی نالوں میں طغیانی اور فلیش فلڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے“۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ”بارش کے نتیجے میں پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مردان اور صوابی کے نشیبی علاقے زیرِ آب آنے کا خدشہ ہے“۔
گزشتہ روز بھی خیبرپختونخوا کے اکثر مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، جس میں باجوڑ میں 58 ملی میٹر، مہمند میں 40، پٹن میں 28 اور پشاور میں 15 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ 33 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ صوبے میں سب سے کم درجہ حرارت مالم جبہ میں 14 اور کالام میں 15 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
دوسری جانب بلوچستان کے بھی بیشتر اضلاع میں گرج چمک، آندھی اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
جن علاقوں میں بادل برسنے کی توقع ہے ان میں کوئٹہ، نصیر آباد، جھل مگسی، جعفر آباد، ڈیرہ بگٹی، پنجگور، آواران، قلات، خضدار، ژوب، موسیٰ خیل، شیرانی، لورالائی، بارکھان، کوہلو، قلعہ سیف اللہ، پشین اور لسبیلہ شامل ہیں۔
















