وزیر اعظم کی وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کوہر ممکنہ تعاون کی یقین دہانی

شائع 24 فروری 2020 01:57pm
وزیر اعظم عمران خان- فائل فوٹو

وزارت سائنس اینڈٹکنالوجی نے وزیراعظم کو بتایا ہےکہ کیمیکلز،بائیوٹیکنالوجی،مشینری،ٹیکسٹائل،پلاسٹک سمیت 252 مصنوعات کی نشاندہی کی گئی ہےجن کی پیداواراورمعیار کو بہتر بنا کر عالمی سطح پر زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے۔ وزیراعظم نے وزارت کو ہر ممکنہ تعاون فراہم کرانے کا یقین دلایا۔

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت ٹیکنالوجی پرمبنی ملکی مصنوعات کی برآمدات میں اضافے کے حوالے سے وزارتِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے بریفنگ دی۔جس میں وزیر چوہدری فواد احمد، مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد، شہریار آفریدی، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ سید زبیر گیلانی اور سینئر افسران نے شرکت کی۔

وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے بتایا کہ وزارت  کی جانب سے  کیمیکلز، بائیوٹیکنالوجی، مشینری، ٹیکسٹائل ،  بیس میٹلز، پلاسٹک و دیگر اقسام کی 252 مصنوعات کی نشاندہی کی گئی ہے۔جن کی پیداوار اورمعیار کو بہتر بنا کرعالمی سطح پر زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے۔

وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی تین، سات اور دس سالہ پروگرام مرتب کر رہی ہے۔ ملک میں ہائی ٹیک انڈسٹریل ڈویلپمنٹ کےضمن میں ملکی استعداد،مستقبل کےلائحہ عمل اور جہلم انڈسٹرئیل بائیوٹیکنالوجی پارک کے قیام پر پیش رفت پر بریف کیا گیا۔

وزیرِاعظم عمران خان نے وزیر سائنس  کی تجاویز کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ حکومت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے فروغ میں ہر ممکنہ تعاون فراہم کرے گی۔

فوادچوہدری نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ حال ہی میں لاہور کے مرکزی علاقے میں واقع پاکستان کونسل فار سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ  کی اربوں روپوں کی 25 ایکٹر زمین ایک سیاسی رہنما کے قریبی رشتہ دار سے واگذار کرائی ہے۔