عاطف اسلم کی جانب سے مداحوں کو 'اسماء الحسنیٰ' کا خاص تحفہ

شائع 15 مئ 2020 03:44pm

پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم نے رمضان المبارک کے اس بابرکت مہینے میں مداحوں کو 'اسماء الحسنیٰ' (اللہ تعالی کے 99 نام) کا خاص تحفہ دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق عاطف اسلم نے کورونا وائرس کے باعث جاری اس مشکل وقت میں امید اور اظہار یکجہتی کیلئے اللہ تعالیٰ کے 99 ناموں کا خاص تحفہ پیش کیا ہے۔

انہوں نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ سے اس کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'ہم ان اوقات میں انسانیت کے ساتھ کھڑے ہیں، یہ امید اور یکجہتی کا ایک شائستہ اظہار ہے'۔

عاطف اسلم کی جانب سے پیش کئے گئے اس تحفے کو مداحوں کی جانب سے خوب پسند کیا جارہا ہے اور چند گھنٹوں میں ہی یوٹیوب پر اس ویڈیو کو 12 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔

واضح رہے کہ عاطف اسلم اس سے قبل اپنی سحر انگیز آواز میں مشہور قوالی 'تاجدارِ حرم'، کلام 'وہی خدا ہے' اور 'اذان' بھی پیش کرچکے ہیں۔