موجودہ حکومت ناکامی سے دوچار ہے، سراج الحق

شائع 19 نومبر 2016 02:18pm
File Photo File Photo

اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی سراج الحق  نے کہا ہے کہ حکمران دوسروں کو پیسہ ملک لانے کا درس دیتے ہیں لیکن خود پیسہ بیرونی ممالک میں لگاتے ہیں، موجودہ حکومت ناکامی سے دوچار ہے۔

اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے نومنتخب ضلعی امیر کی تقریب حلف برداری سے خطاب کے دوران امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ  دنیا ہمیں مسلکی بنیادوں پر تقسیم کرنا چاہتی ہے لیکن میں کفار کو بتا دینا چاہتا ہوں کہ ہم ایک امتی ہیں،ملک میں مسائل کی وجہ وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم ہے۔

سراج الحق نے مزید کہا کہ پاکستان میں وسائل کی کمی نہیں تقسیم میں بددیانتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آج ہم وزیر اعظم سے پاناما لیکس کا پوچھتے ہیں تو وہ کہتے ہیں آپ ثابت کریں۔ اب ہم کہتے ہیں کہ ایک کمیشن بنایا جائے اور نیب اور ایف آئی اے کو تحقیقات کا موقع دیا جائے۔

امیر جماعت اسلامی  نے مزید کہا کہ تمام سیاسی لیڈر شپ طیب اردوان سے ملنا چاہتی تھی لیکن حکمران انھیں لاہور اپنے گھر لے گئے۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت ناکام ہو گئی ہے، عام آدمی کے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔