نیشنل ایکشن پلان کی ناکامی کا الزام حکومت پر عائد

اپ ڈیٹ 02 دسمبر 2016 05:53pm
File Photo File Photo

لاہور:پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نیشنل ایکشن پلان کی ناکامی کا الزام عائد کرتے ہوئے  گو نثار گو کے نعرے لگوادیے اور خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے چار مطالبات نہ مانے گئے تو یہ نعرہ گو نواز گو میں تبدیل ہو جائےگا۔

جنوبی پنجاب کے کنونشن سے خطاب کے دوران چیئرمین پیپلز پارٹی جارحانہ انداز میں نظر آئے، بلاول ہاؤس لاہور میں کھڑے ہو کر انہوں نے تخت لاہور کو بھی للکارا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گو نثار گو کے نعرے کہیں اور سے نہیں بلکہ تخت لاہور سے بلند ہو رہے ہیں۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ بے نظیر بھٹو اور اے پی ایس کے طلبا کو دہشت گردوں نے نشانہ بنایا مگر چوہدری نثار ان کے خلاف لڑنے کو تیار ہی نہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں قومی سلامتی کونسل کی تشکیل کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن اس پر آج تک عملدرآمد نہیں ہو سکا۔ حکمران مان لیں کہ ن لیگ کا ایکشن پلان ناکام ہو چکا ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے یہ بھی بتایا کہ تختِ لاہور ان سے ڈرتا ہے اور یہ بھی بتایا کہ کیوں ڈرتا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے خبر دار کیا کہ ستائیس دسمبر تک اگر ان کے مطالبات پورے نہ ہوئے تو گو نثار گو کا نعرہ گو نواز گو میں تبدیل ہو جائےگا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ قومی منصوبوں کیلئے آنے والا بین الاقوامی سرمایہ میٹرو جیسے منصوبوں پر ضائع نہ کیا جائے، وہ میٹرو جیسے منصوبوں کے خلاف نہیں مگر عوام کو روٹی، کپڑہ اور مکان پہلے دیا جائے۔