پنجاب میں شدید دھند ،موٹروے بند، فلائٹ آپریشن متاثر

اپ ڈیٹ 13 دسمبر 2016 08:04am
فائل فوٹو فائل فوٹو

لاہور:پنجاب میں شدید دھند کی وجہ سے موٹر وے کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا ہے،شدید دھند کے باعث ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوا ہے۔

پنجاب کے میدانی علاقوں ان دنوں مسلسل شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں ، دھند کی وجہ سے حد نگاہ صفر ہونے پر موٹر وے کو لاہور سے شیخوپورہ، پنڈی بھٹیاں، فیصل آباد اور گوجرہ تک ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے۔

ترجمان موٹر وے اور نیشنل ہائی وے کے مطابق ،نیشنل ہائی وے پر بھی شدید دھند کے باعث لاہور سے پتوکی، اوکاڑہ، گوجرانوالہ، ساہیوال اور میاں چنوں کے علاقوں میں حد نگاہ صفر ہے۔

 انتظامیہ نے شہریوں سے غیر ضروری سفر سے گریز کا مشورہ دیا ہے، دھند کے باعث علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھی فلائٹ شیڈول متاثر ہوا ہے۔

 نجی ائیر لائن کی دبئی سے آنے والی فلائٹ کو ملتان جبکہ پی آئی اے کی دوحا سے آنے والی پرواز کو کراچی بھیج دیا گیا۔

 ادھر دھند کے باعث گوجرانوالہ میں 2 موٹر سائیکل سوار اور بورے والا میں خاتون اور بچی سمیت 4افراد جاں بحق ہوگئے ۔