کروڑوں روپے بھتہ نائن زیرو پہنچاتا تھا، بھولا کا انکشاف

شائع 26 دسمبر 2016 04:47am
فائل فوٹو فائل فوٹو

کراچی: سانحہ بلدیہ کیس کے مرکزی  ملزم عبدالرحمان عرف بھولا نے قتل کی مختلف وارداتوں، زکوٰة، فطرے اور کھالوں کی مد میں کروڑوں روپے کا بھتہ جمع کرکے نائن زیرو پہنچانے کا بھی انکشاف کیا ہے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نے بیان قلم بند کرنے سے قبل بھولا  سے 11 سوالات کئے۔

ملزم سے پوچھا گیا 'تم اپنا جرم کیوں قبول کررہے ہوں؟'

بھولا: ضمیر کے ہاتھوں مجبور ہوں۔

'اس جرم کو قبول کرنے کے اثرات جانتے ہو؟'

بھولا:مجھے معلوم ہے سزا ہی ہونی ہے۔

'کیا تمہیں کہا گیا ہے کہ جرم قبول کرلو تو وعدہ معاف گواہ بنالیں گے؟'

بھولا:  ایسا نہیں ہے۔

آخری سوال پر عدالت نے ملزم سے کہا تم کیا کہنا چاہتے ہو؟

اس پر بھولا نے عدالت کے سامنے اہم انکشافات کیے اور بتایا  کہ وہ ایم کیوایم رہنما عرفان خان کی سفارش پر2009میں بلدیہ کا سیکٹر ممبر بنا۔

بھولا کے مطابق، وہ سانحہ بلدیہ سمیت قتل کی مختلف وارداتوں میں بھی ملوث رہا،سیاسی جماعت کے کئی افراد کو قتل کیا۔

اس کا مزید کہنا تھا کہ 'خوف و ہراس پھیلانے میں بھی وہ اور اس کے ساتھی ملوث ہیں،

زکوٰة، فطرہ اور کھالیں جمع کرنے کی مد میں کروڑوں روپے جمع کیےاور یہ پیسا نائن زیرو بھجوایا گیا'۔

بھولا نے مزید بتایا کہ اصغر بیگ کو ہٹاکر اسے سیکٹر انچارج بنایا گیا۔' بلدیہ فیکٹری مالکان سے حماد صدیقی کے کہنے پر25 کروڑ روپے بھتہ مانگا گیا،مالکان نے ایک کروڑدینے کی بات کی توحماد صدیقی نے فیکٹری میں آگ لگانے کا حکم دیا'۔