آپریشن ضرب عضب کے ثمرات برقرار رکھنا چیلنج ہے، قمر باجوہ

شائع 26 دسمبر 2016 03:55pm
File Photo File Photo

راولپنڈی : پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کے ثمرات کو برقرار رکھنا بڑا چیلنج ہے، جسے ہر قیمت پر برقرار رکھیں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ میں سدرن کمانڈ کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے  کہا کہ آپریشن ضرب عضب سے ملکی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی، اب اس آپریشن کے ثمرات کو برقرار رکھنا بڑا چیلنج ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبے نے خطے کی صورتحال تبدیل کردی اس کی بروقت تکمیل ہرقیمت پرکی جائے گی۔

اس سے قبل کوئٹہ میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب میں جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ بلوچستان پاکستان کا بڑا صوبہ اور میرے دل کے بہت قریب ہے۔ میرا تعلق بلوچ رجمنٹ سے ہے اور آرمی میں مجھے بلوچی کہلانے پر فخر ہوتا ہے۔

آرمی چیف مزید بولے کہ بلوچ عوام دشمن کی چالوں کوسمجھ گئے،ناسمجھی میں دشمن کے بہکاوے میں آنے والوں کیلئے ہمارے دروازے کھلے ہیں۔