پارا چنار: طوری مارکیٹ میں 2 دھماکے، 35 افراد جاں بحق

شائع 24 جون 2017 05:10am

para 

پارا چنار: پاراچنارمیں طوری مارکیٹ میں یکے بعد دیگرے دو دھماکوں میں پینتیس افراد جاں بحق اور پینسٹھ زخمی ہوگئے۔

دہشت گردوں نے جمعتہ الوداع کو کرم ایجنسی کے ہیڈکوارٹر پارا چنار کو نشانہ بنایا۔

ذرائع کے مطابق پولیٹیکل انتظامیہ کے دفتر کے سامنے چنار چوک پر طوری بازار میں لوگ افطار کی خریداری میں مصروف تھے کہ ہینڈ گرنیڈ پھینکا گیا۔

جب مزید لوگ وہاں جمع ہوئے تو دہشت گرد نے خود کو اڑا لیا۔ہر طرف چیخ و پکار مچ گئی، قریبی عمارتوں اور دکانوں میں آگ بھڑک اٹھی۔

سیکیورٹی فورسز موقع پر پہنچیں اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکا یوم القدس ریلی ختم ہونے کے کچھ دیر بعد ہوا۔

پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق یوم القدس کے باعث علاقے میں پہلے سے سیکیورٹی سخت تھی، ایجنسی میں موبائل فون سروس بند تھی، جبکہ ایجنسی میں گاڑیوں کے داخلے پر بھی پابندی تھی۔

دہشت گرد حملے کے بعد علاقے میں موجود افراد مشتعل ہوگئے، مشتعل مظاہرین نے گاڑیوں پر پتھراؤ کیا اور سرکاری املاک توڑ پھوڑ دیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دھماکے میں شدید زخمیوں کو پاک فوج کے دو ہیلی کاپٹرز کے ذریعے پشاور منتقل کردیا گیا، پندرہ زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

مجلس وحدت المسلمین نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔