کراچی کی طرح دیگر شہروں میں بھی آلائشوں کے ڈھیر

شائع 04 ستمبر 2017 07:51am

bb

ملک کے دیگر شہروں میں صفائی کی صورتحال ابتر ہے۔پشاور، کوئٹہ، مظفر آباد سمیت دیگر علاقوں میں بھی عوام دہائیاں دے رہے ہیں کہ آلائشیں اٹھائی جائیں۔

 کوئٹہ میں عوام کی عید کا مزہ کرکرا ہوگیا عیدکے روز شہر میں نالے ابل پڑے اور اب آلائشوں کے بعد لوگوں کی پیدل آمدورفت انتہائی مشکل ہوگئی ہے۔

پشاور میں صفائی ستھرائی کے لیے شہر کو چار زونز میں تقسیم کیا گیا تھا لیکن اس کے باوجود اب بھی کئی علاقوں میں آلائشیں نہیں اٹھائی جاسکی ہیں۔

 دوسری جانب مظفر آباد میونسپل کارپوریشن کا عملہ عید کے دوسرے روز بھی غائب رہا مرکزی شاہرائوں پر سڑک کنارے آلائشوں کے ڈھیر لگے ہیں۔

میر پور آزاد کشمیر میں بھی ایسی ہی صورتحال ہے جہاں آلائشوں کی وجہ سے خوبصورت وادی کا حسن گہنا رہا ہے۔

سانگھڑ میں میونسپل کارپوریشن کی انتظامیہ مشینری اور عملے کی کمی کا رونا رورہی ہے جبکہ اصل صورتحال یہ ہے کہ پچاس سے زائد ملازمین سیاسی رہنمائوں کے گھروں پر کام کررہے ہیں اور شہر میں آلائشیں اٹھانے کے لیے تیار نہیں۔