رشی نے بیٹے کی فلاپ فلموں پر دو ہدایت کاروں کو 'بندر' کہہ دیا

شائع 20 ستمبر 2017 11:59am

rishi

یہ ہفتہ رشی کپور کے لئے بہت ہی مصروفیت بھرا ثابت ہوا ہے، ان کی حالیہ ریلیز ہوئی فلم 'پٹیل کی پنجابی شادی' کوئی خاص تاثر نہ جماسکی۔ ان کا خاندانی اسٹوڈیو (آر کے اسٹوڈیوز) بھی آگ کا شکار ہوا اور ساتھ ہی انہیں راہول گاندھی کی تقریر پر جواب دینا بھی بھاری پڑگیا اور عام عوام کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ اور اب انہوں نے بولی وڈ کے دونوں مشہور ہدایتکاروں انوراگ کشیپ اور باسو کو بھی 'بندر' سے تشبیہ دے دی۔

تفصیلات کے مطابق رشی کپور نیحا دھوپیا کے شو نو فلٹر نیحا میں سلیبرٹی گیسٹ کے طور پر پیش ہوئے جہاں ان کے ساتھ ایک گیم کھیلا گیا جیسا کہ مختلف شوز میں کھیلا جاتا ہے۔ اس گیم میں ان کو ایک منٹ دیا جانا تھا اور کوئی بھی ایک لفظ دے کر اس کے بارے میں اپنے تاثرات بیان کرنا تھے۔

نیحا نے جب رشی کپور کو لفظ 'انوراگ' کے بارے میں اپنے تاثرات پیش کرنے کو کہا تو ان کا کہنا تھا کہ "انوراگ سے مجھے انوراگ کشیپ یاد آگئے جنہوں نے فلم 'بمبئی ویلویٹ' بنائی، لیکن میں 'بمبئی ویلویٹ' کا سر کیا ہے اور دم کیا ہے میں قطعی سمجھنے سے قاصر رہا۔ اور انوراگ سے انوراگ باسو بھی یاد آگئے جنہوں نے فلم برفی بنائی جو کہ کمال تھی۔ میں اس بات سے بہت خوش ہوا کہ انہوں نے اس فلم کے لئے میرے بیٹے (رنبیر کپور) کو چُنا جس میں میرے بیٹے نے بھرپور پذیرائی حاصل کی۔ جس کے بعد اب انہوں نے فلم 'گجا جاسوس' بنائی۔۔ گجا جاسوس یا جگا جاسوس جو بھی ہو یہ بالکل کسی قابل نہیں تھی"۔

انہوں نے ان فلموں کے بھاری بجٹ کو بندر کے ہاتھ میں کھلونے سے تشبیہ دے دیا۔ اس سے قبل بھی رشی کپور نے اپنے بیٹے کی فلم 'جگا جاسوس' کے فلاپ ہونے پر انوراگ باسو کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور فلم کے ناکام ہونے کا ذمے دار انہی کو قرار دیا تھا۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے انوراگ باسو کے بارے میں کہا کہ 'وہ واقعی ایک غیر ذمے دار ہدایتکار ہیں انہوں نے فلم کو مکمل ہی نہیں کیا'۔

یاد رہے دونوں انوراگز نے رنبیر کپور کے کیریئر کی سب سے بڑی دو فلاپ فلموں میں ہدایتکاری کی ہے۔ بمبئی ویلویٹ نے 120 کی کروڑ کی لاگت کے بعد محض 43 کروڑ کا بزنس کیا جبکہ جگا جاسوس نے 130 کروڑ کی لاگت کے بعد محض 83 کروڑ کا بزنس کیا۔

Thanks to hindustantimes