کوئی نااہل ہوکر بھی سرخرو اور کوئی اہل ہو کر بھی شرمندہ پھر رہا ہے،مریم نواز
فائل فوٹوکوٹ مومن:پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کاکہنا ہے کہ کوئی نااہل ہوکر بھی سرخرو اور کوئی اہل ہوکر بھی شرمندہ پھر رہا ہے ۔
ہفتے کو کوٹ مومن میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پہلی بارکسی جلسے میں میاں نواز شریف کے ساتھ آئی ہوں لیکن جہاں جہاں سے میاں صاحب گزرتے ہیں ہر جگہ ایک ہی نعرہ لگتا ہے کہ ہم آپ سے محبت کرتے ہیں، پاکستان کے عوام نواز شریف نے محبت کرتے ہیں، مخالفین ووٹ نہیں لے سکتے اس لئے کبھی وہ انگلی کے پیچھے تو کبھی سپریم کورٹ کے پیچھے چھپتے ہیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ کوئی نااہل ہوکر بھی سرخرو اور کوئی اہل ہوکر بھی شرمندہ پھر رہا ہے کیونکہ وہ جانتا ہے کہ صداقت اور امانت کے پیچھے میچ فکس ہے، کبھی وہ کچھ کہتا ہے تو کبھی کچھ لیکن جو ہم اور عوام کو نظر آرہا ہے وہ اسے دیکھ نہیں پارہا۔
انہوں نے کہا کہ 2013 سے پہلے 20،20 گھنٹے لوڈ شیدنگ ہوتی تھی لیکن اب بجلی کا بحران ختم ہوگیا ہے،یہ مسئلہ ایسے ختم نہیں ہوا، اس کے لیے خون پسینہ بہایا گیا ہے، کسی نے تو سازشوں اور دھرنوں کے باوجود کام کیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ نیت سزا دینے کی ہو تو پاناما سے اقامہ نکل ہی آتا ہے، پاناما کیس شریف خاندان پردباؤ ڈالنے لینے کیلئے بنایا گیا، پاناما کے نام سے شریف خاندان ، نواز شریف کی 3 نسلوں کا بار بار احتساب ہوا، ذاتی کاروبار کی ہر چیز کھنگالی گئی لیکن کہیں سے کرپشن کا شائبہ تک نہ ملا تو اقامہ نکال کر لے آئے حالانکہ اقامہ دراصل ویزا ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کہا جاتا ہے کہ نواز شریف این آر او کررہا ہے، این آر او کون کررہا ہے اور اس کی ضروت کس کو ہے، این آر او تو اس کو کہتے ہیں کہ نواز شریف کی بیٹی کا کیس تو نیب میں بھیج دیا جاتا ہے لیکن عمران خان کو بری کردیا جائے۔
















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔