کامران ٹیسوری کو متحدہ رابطہ کمیٹی سے فارغ کردیا گیا،خالد مقبول صدیقی
فائل فوٹوکراچی:ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے رکن خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کامران ٹیسوری کو متحدہ رابطہ کمیٹی سے فارغ کر دیا گیاجبکہ ان کی پارٹی رکنیت 6ماہ کیلئے معطل کر دی۔
منگل کو کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے متحدہ پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے رکن خالد مقبول نے کہا کہ ڈاکٹر فاروق ستار پارٹی کنوینر ہیں اور ہم سب انہیں تسلیم کرتے ہیں۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان نے سینیٹ الیکشن کیلئے 6نام تجویز کئے تھے، جس میں نسرین جلیل، فروغ نسیم، امین الحق کے نام بھی تجویز کئے گئے تھے، اس کے علاوہ شبیر قائمخانی، عامرخان اور کامران ٹیسوری کا نام بھی تجویزکیا گیا۔
انہوں نےکہا کہ فاروق ستار 2ساتھیوں کی قربانی دے کر کامران ٹیسوری کو سینیٹ ممبر بنانا چاہتے ہیں ،فاروق ستار کا یہ فیصلہ بھی سرآنکھوں پر رکھا جاسکتا تھا، کیونکہ فاروق ستارکی کامران ٹیسوری سے طویل رفاقت رہی ہےلیکن ایم کیوایم میں انفرادی خواہش پر کسی کو کبھی عہدے نہیں دیئےگئے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیوایم کو ایک بار پھرحیرت انگیز فیصلے کاسامنا کرنا پڑا، اس سے پہلے کامران ٹیسوری کو ڈپٹی کنوینر بنانے کا فیصلہ حیرت انگیز تھا،فاروق ستار نے بائیکاٹ کی دھمکی دیکر کامران کو ڈپٹی کنوینر بنایا تھا، حالانکہ اس وقت کامران ٹیسوری کوپارٹی میں آئے ایک سال بھی نہیں ہوا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جیلوں میں قربانیاں دینے والے بھی ڈپٹی کنوینر نہیں بنے، کنوینراور ڈپٹی کنوینر کو رابطہ کمیٹی کا فیصلہ تبدیل کرنے کا اختیار نہیں۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم فاروق ستار کے منتظر ہیں وہ سربراہ اور کنوینر کی حیثیت سے آئیں اور رابطہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں اور جو فیصلہ ہوا سے قبول کریں۔
آخر میں انہوں نے رابطہ کمیٹی کی طرف سے اعلان کیا کہ 90 فیصد رابطہ کمیٹی کے ارکان نے فیصلہ کیا ہے کہ اب کامران ٹیسوری رابطہ کمیٹی کے ممبر نہیں ہیں اور ان کی پارٹی رکنیت 6ماہ کیلئے معطل کی جارہی ہے۔














اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔