رنبیر کپور کے خلاف 50 لاکھ روپے ہرجانے کا نوٹس

شائع 20 جولائ 2018 09:43am

13

بولی وڈ اداکار رنبیر کپور ان دنوں اپنی فلم 'سنجو' کی وجہ سے شہرت کی اونچائیوں پر ہیں، تاہم ان کے خلاف انہی کے کرائے دار نے گھر سے بے دخل کئے جانے پر مقدمہ درج کروادیا۔ اس کے ساتھ ہی ان پر 50 لاکھ روپے ہرجانے کا کیس بھی دائر کردیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار رنبیر کپور کا بھارتی شہر پونے میں ایک مہنگا اور لگژری اپارٹمنٹ ہے۔ اساپارٹمنٹ کو انہوں نے شیتل سوریاونشی نامی ایک شخص کو کرائے پر دے رکھا تھا۔ تاہم اب ان اس کرائے دار نے رنبیر کپور پر گھر سے بے دخل کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ان پر 50 لاکھ روپے ہرجانے کا کیس دائر کردیا ہے۔

شیتل کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے رنبیر کپور سے یہ اپارٹمنٹ ماہانہ 4 لاکھ روپے کرائے پر ایک سال کے لئے حاصل کیا تھا اور اس کے لئے انہوں نے 24 لاکھ روپے بطور بیعانہ جمع کروایا تھا لیکن رنبیر کپور نے معاہدے کی پاسداری نہ کرتے ہوئے مقررہ وقت پورا ہونے سے قبل ہی گھر خالی کرنے کا حکم دے دیا۔

اس کرائے دار کی جانب سے پونے کی سول عدالت میں مقدمہ درج کروایا گیا ہے۔ اس مقدمے میں موقف اپنایا گیا ہے کہ گھر سے بے دخل کئے جانے پر انہوں نے اور ان کی فیملی نے بہت پریشانی اٹھائی ہے۔ جس کی تلافی کے لئے رنبیر انہیں 50 لاکھ روپے ادا کریں۔

اس معاملے پر رنبیر کپور کا بھی موقف سامنے آگیا ہے انہوں نے اپنے اوپر لگائے جانے والے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہونے کہا کہ انہوں نے شیتل سوریا ونشی کو اپارٹمنٹ خالی کرنے کے لئے نہیں کہا بلکہ انہوں نے اپنی مرضی سے اپارٹمنٹ خالی کیا ہے اور 3 مہینے کا کرایہ بھی ادا نہیں کیا جسے بیعانے کی رقم سے کاٹ لیا گیا ہے۔ کیس کی اگلی سماعت 28 اگست کو ہوگی۔

Thanks to HindustanTimes