Aaj News

اتوار, مئ 19, 2024  
11 Dhul-Qadah 1445  

ساؤتھمپٹن ٹیسٹ: انگلش ٹیم کا فائٹ بیک، میچ دلچسپ مرحلے میں داخل

ساؤتھمپٹن: انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے جارہے پہلے...
شائع 11 جولائ 2020 11:35pm

ساؤتھمپٹن: انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کا کھیل ختم ہوگیا۔ انگلش ٹیم نے دوسری اننگز میں 170 رنز کی برتری حاصل کرلی جبکہ ان کی 2 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق انگلش ٹیم نے ٹیسٹ کے چوتھے روز اپنی دوسری اننگز 15 رنز بنا کسی نقصان سے آگے بڑھائی تو اوپنرز نے زبردست آغاز فراہم کرتے ہوئے 72 رنز کی شراکت داری قائم کی اور آنے والے بلے بازوں نے بھی اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا۔

ایک موقع پر میزبان ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 249 رنز بنالئے تھے تاہم اختتامی اوورز میں ویسٹ انڈین بولرز نے شاندار کم بیک کیا اور 279 رنز تک 8 بلے بازوں کو پویلین پہنچا دیا۔

انگلش ٹیم کی جانب سے دوسری اننگز میں کرولے نے سب سے زیادہ 76، سیبلے نے 50، کپتان بین اسٹوکس نے 46 اور جو برنس نے 42 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے شینن گیبریئل نے 3، الزاری جوزف اور روسٹن چیز نے 2، 2 جبکہ کپتان ہولڈر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل گزشتہ روز انگلش ٹیم کی پہلی اننگز کے 204 رنز کے جواب میں ویسٹ انڈین ٹیم 318 رنز بناکر آؤٹ ہوئی تھی اور پہلی اننگز میں 114 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔

ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلش ٹیم ہولڈر اور گیبریئل کے وار نہ سہہ سکی تھی اور پوری ٹیم 204 کے مجموعے پر ہمت ہار گئی تھی۔ انگلینڈ کی جانب سے کپتان اسٹوکس نے 43، بٹلر نے 35، بیس نے ناٹ آؤٹ 31 اور برنس نے 30 رنز بنائے تھے جبکہ ویسٹ انڈین کپتان ہولڈر نے 42 رنز کے عوض 6 اور گیبریئل نے 62 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔

جواب میں ویسٹ انڈین ٹیم نے بولنگ کی طرح بیٹنگ میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 318 رنز بناکر 114 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔ مہمان ٹیم کی جانب سے اوپنر بریتھویٹ نے 65، ڈوریچ نے 61 اور روسٹن چیز نے 47 رنز بنائے۔ انگلینڈ کے کپتان اسٹوکس نے 4، اینڈرسن نے 3، بیس نے 2 اور ووڈ نے ایک وکٹ حاصل کی تھی جبکہ جوفرا آرچر کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے تھے۔

چوتھے روز کے کھیل کے اختتام پر انگلش ٹیم نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز بنالئے ہیں۔ جوفرا آرچر اور مارک ووڈ وکٹ پر بالترتیب 5 اور ایک رنز کے ساتھ موجود ہیں اور آخری روز برتری کو مزید بڑھانے کی کوشش کریں گے۔

واضح رہے کہ انگلش ٹیم نے دوسری اننگز میں 170 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے اور ابھی ان کی 2 وکٹیں باقی ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ آخری روز مہمان ٹیم ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے کتنا ہدف دیتی ہے اور میچ کا نتیجہ کیا نکلتا ہے۔

اسکور کارڈ:

انگلینڈ: 204، 284/8

ویسٹ انڈیز: 318