Aaj News

منگل, جون 18, 2024  
11 Dhul-Hijjah 1445  

ہوشیار!!! نیٹ فلکس صارفین کو لوٹا جانے لگا

نیٹ فلکس استعمال کرنے والے ہوشیار ہوجائیں، کیونکہ اس کے نام سے...
اپ ڈیٹ 16 اگست 2020 08:31am

نیٹ فلکس استعمال کرنے والے ہوشیار ہوجائیں، کیونکہ اس کے نام سے جعلی ای میلز کر کے صارفین کو لوٹا جانے لگا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق امریکی اسٹریمنگ کمپنی نیٹ فلکس کے نام سے دھوکہ دہی کا معاملہ سامنے آیا ہے، دھوکہ دہی کا شکار افراد کے مطابق انہیں ایک ای میل موصول ہوئی جس میں کہا گیا کہ رقم کی ادائیگی کی تفصیلات درست طریقے سے نہیں بھری گئیں لہٰذا آپ کا نیٹ فلکس اکاؤنٹ بند کیا جارہا ہے۔

تاہم اس ایک میل کا ویڈیو اسٹریمنگ کمپنی نیٹ فلکس سے کوئی تعلق نہیں۔ مذکورہ ای میل کے بعد صارف اپنے کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات روانہ کرتے ہیں اور پھر ایک بڑی رقم سے ہاتھ دھو لینے کے بعد انہیں علم ہوتا ہے کہ ان کے ساتھ ہاتھ ہوگیا ہے۔

سائبر ماہرین کے مطابق اس دھوکہ دہی میں بہت بڑا گینگ ملوث دکھائی دیتا ہے، یہ گینگ نیٹ فلکس یا بڑی ویب سائٹس سے ملتے جلتے نام کے ڈومین بک کرتے ہیں۔

اس کے بعد جب یہ ملتے جلتے نام سے کسی بھی شخص کو ای میل کرتے ہیں تو صارف کے لیے یہ فیصلہ کرنا مشکل ہوتا ہے کہ یہ میل اصل سائٹ سے موصول ہوئی ہے یا فرضی سائٹ سے۔

اس کے بعد صارف اپنی تمام تفصیلات ایسی فرضی سائٹس کو روانہ کردیتا ہے جس کے بعد ملزمان مذکورہ شخص کے اکاؤنٹ سے باآسانی رقم نکال لیتے ہیں۔

ماہرین نے متنبہ کیا ہے کہ اس طرح کی ای میلز سے ہوشیار رہیں اور کسی کو بھی اپنی تفصیلات دینے سے قبل اچھی طرح سائٹ کا جائزہ لیں۔