Aaj News

پیر, مئ 20, 2024  
11 Dhul-Qadah 1445  

عدلیہ کےمعاملات میں کوئی مداخلت نہیں ہورہی،چیف جسٹس گلزار احمد

کوئٹہ :چیف جسٹس آف پاکستان گلزار احمد نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ...
شائع 01 اکتوبر 2020 11:33am

کوئٹہ :چیف جسٹس آف پاکستان گلزار احمد نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ عوام کے حقوق کی محافظ ہے،عدلیہ کےمعاملات میں کوئی مداخلت نہیں ہورہی،ہم آزادانہ طور پر کام کررہے ہیں۔

بلوچستان ہائیکورٹ میں اپنے اعزازمیں دیئے گئے عشائیےسے خطاب کرتےہوئے چیف جسٹس گلزار احمدنےکہاکہ سپریم کورٹ عوام کے بنیادی حقوق کی محافظ ہے،سپریم کورٹ میں مقدمات نمٹنے میں تاخیر ضرور ہے لیکن ہماری پوری کوشش ہے کہ یہ تاخیر ختم ہوجائے جس کیلئے مجھے وکلا کا تعاون چاہیئے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ لاپتہ افرادکا مسئلہ پورےملک کا معاملہ ہے،لاپتہ افراد کے مسئلے کےحل کیلئے ہائی کورٹس نے بہت کام کیا ہے، عدالتوں کی کوششوں سے بہت لوگ بازیاب ہوئے ہیں تاہم ابھی بھی کافی افراد لاپتہ ہیں۔

جسٹس گلزار احمد نے مزید کہا کہ لوگوں کو مزید لاپتہ نہیں ہونے دیں گے،اس مسئلے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، اس مسئلے کے حل میں اپنا کردار اد اکریں گے،کسی ادارے کو عوام کی عزت نفس کو مجروح نہیں کرنے دیں گے۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ مجھے بتایا گیا ہے بلوچستان میں پانی کا مسئلہ حل کرنے کیلئے 700 ڈیمز بنائے گئے ہیں ،اس کے علاوہ 100 ڈیمز کا ایک اور منصوبہ چل رہا ہے جس میں سے 40 بنائے گئے ہیں، 60 بنائے جارہے ہیں۔

جسٹس گلزار احمد نے مزید کہا کہ گوادر میں پانی کا بڑا مسئلہ ہے میں وہاں اراو پلانٹس کو فعال کرنے کے احکامات دیے۔ چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ میں بینچ اور بار کو ایک سمجھتا ہوں، مسائل پر بیٹھ بات کرتے ہیں، بلوچستان کے آئینی حقوق عزیز ہیں جن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔