الیکشن کمیشن: راجہ بشارت نااہلی کیس8اکتوبرکو حتمی دلائل کیلئےمقرر

اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نا اہلی...
شائع 01 اکتوبر 2020 11:41am

اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نا اہلی کیس 8اکتوبر کو حتمی دلائل کیلئے مقرر کر دیا۔

الیکشن کمیشن میں صوبائی وزیر راجہ بشارت نا اہلی کیس کی سماعت ممبر پنجاب الطاف قریشی نے کی۔ ممبر الیکشن کمیشن پنجاب الطاف قریشی نے کہا کہ راجہ بشارت نے تاحال جواب کیوں نہیں جمع کرایا؟ اپنا ، ہمارا اور درخواست گزار کا وقت کیوں ضائع کر دیتے ہیں۔

وکیل راجہ بشارت نے آج ہی جواب جمع کرانے کا مؤقف اپنایا تو ممبر الیکشن کمیشن پنجاب نے ریمارکس دیئے کہ جواب جمع کروا کر راجہ بشارت کوئی احسان نہیں کریں گے۔

درخواست گزار سیمل وحید نے راجہ بشارت کیخلاف توہین کمیشن کی کارروائی کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ لاہور سے آتی ہوں ہر بار کوئی نیا بہانہ کر دیا جاتا ہے۔

ممبر پنجاب الطاف قریشی نے ریمارکس دیئے کہ کیوں نہ آپ کے لاہور سے آنے جانے کا خرچہ راجہ بشارت پر ڈالا جائے، جس پر سیمل وحید نے کہا کہ راجہ بشارت جیسے شخص سے ایک روپیہ نہیں لینا چاہتی۔

بعدازاں الیکشن کمیشن نے راجہ بشارت نا اہلی کیس 8اکتوبر کو حتمی دلائل کیلئے مقرر کر دیا۔