Aaj News

پیر, مئ 20, 2024  
11 Dhul-Qadah 1445  

عام انتخابات میں کوئی دھاندلی نہیں ہوئی ،فواد چوہدری

اسلام آباد:وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے دعویٰ...
شائع 02 اکتوبر 2020 12:51pm

اسلام آباد:وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ عام انتخابات میں کوئی دھاندلی نہیں ہوئی ،انتخابات میں تحریک انصاف کے 15 امیدوار 2500 سے بھی کم مارجن سے ہارے ،دوبارہ گنتی کی جاتی تو پی ٹی آئی اکیلے ہی حکومت بنا لیتی۔

وفاقی وزیر فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ انتخابات میں کوئی دھاندلی نہیں ہوئی، جن حلقوں میں آر ٹی ایس ڈاؤن ہوا، وہاں پی ٹی آئی کے امیدوار الیکشن ہارے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 5 قومی اسمبلی کی نشستیں ایک ہزار ووٹ سے کم مارجن پر ہارے جبکہ 15 امیدوار 2500 سے کم مارجن سے ہارے، دوبارہ گنتی کی جاتی تو پی ٹی آئی اکیلے ہی حکومت بنا لیتی۔

وفاقی وزیرفواد چوہدری نے اپنے اور ایک ٹوئٹ میں کہاہے کہ الیکشن کے بعد ایسے الزامات لگتے ہیں کیونکہ ہمارے ہاں جمہوری کلچر نہیں ہے ،ہارنے والا اپنے ساتھیوں کو یہ ہی یقین دلاتا رہتا ہے کہ ہم نہیں ہارے ہرایا گیا ہے۔

وفاقی وزیر نے مزیدکہاکہ نواز شریف کا بیانیہ ایک پٹا ہوا بیانیہ ہے آپ قوم کے بچوں کو سڑک پر اور اپنے بچوں کو MayFair رکھنے کی بچگانہ تحریک چلا رہے ہیں۔