تمام کارڈ فیل ہوچکے شیعہ سنی کارڈ بھی فیل ہوگا، نورالحق قادری
وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری کہتے ہیں کہ انبیاء کرام، صحابہ کرام اور اہلبیت کرام کے حوالے سے قانون جلد دونوں ایوانوں سے منظور کروا لیا جائے گا جبکہ مذہبی شخصیات کی توہین کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مقامی ہوٹل میں مجلس صوت الاسلام پاکستان کے تحت منقعدہ عظمت صحابہ و اہل بیت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ بین المسالک ہم آہنگی و پرامن بقائے باہمی سے خطاب کرتے ہوئے نورالحق قادری کا کہنا تھا کہ کیا قائد اعظم اور لیاقت علی خان سے کسی نے پوچھا کونسا مسلک ہے۔۔ نہیں سب نے مل کر پاکستان کے قیام کیلئے جد وجہد کی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پیغام پاکستان کی دستاویزات تمام مسالک کے ہزاروں علماء نے مل کر تیار کی ہیں جس میں تمام قوانین موجود ہیں۔ ضابطہ اخلاق میں تبدیلی کی ضرورت پڑی تو کی جائے گی۔ مذہبی شخصیات کی توہین کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں، تمام کارڈ فیل ہوچکے شیعہ سنی کارڈ بھی فیل ہوگا۔
نورالحق قادری کا کہنا تھا کہ ادروں کی رپورٹ تھی کہ فساد پھیلانے کی کوشش کی جائے گی اسکی روک تھام کیلئے تمام مسالک کے علماء کرام سے رابطے میں ہیں مختلف مسالک کے درمیان بعض معاملات پر اختلاف ہیں دونوں طرف برداشت ہے جسے مذید بڑھانا ہوگا۔
کانفرنس سے مفتی ابوبکر، سینئر صحافی سعید خاور، خرم شیر زمان، مولانا یوسف قصوری، رضی حیدر ذیدی، ڈاکٹر عزیز الرحمن سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔














اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔