Aaj News

جمعرات, مئ 16, 2024  
07 Dhul-Qadah 1445  

قائداعظم ٹرافی پلیئرز ڈویلپمنٹ کیلئے اہم قرار

کراچی: تمام چھ ٹیموں کے ہیڈ کوچز نے قائداعظم ٹرافی فرسٹ کلاس...
شائع 21 اکتوبر 2020 06:48pm

کراچی: تمام چھ ٹیموں کے ہیڈ کوچز نے قائداعظم ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کو پلیئرز ڈویلپمنٹ کیلئے اہم قرار دے دیا ہے۔ پاکستان کے پریمیئر کرکٹ ٹورنامنٹ کیلئے اعلان کردہ اسکواڈز پر اظہار خیال کرتے ہوئے تمام ہیڈ کوچز نے اتفاق کیا ہے کہ یہ ایونٹ نوجوان کھلاڑیوں کیلئے بہت اہم ہوگا۔

محمد وسیم، ہیڈ کوچ ناردرن:

ناردرن کے ہیڈ کوچ محمد وسیم نے کہا کہ ہمارے اسکواڈ میں سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کا بہترین کمبی نیشن موجود ہے، کوشش ہوگی کہ زیادہ سے زیادہ نوجوان کھلاڑیوں کو پریمیئر ٹورنامنٹ میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دیں، اس دوران انہیں سینئرز کی رہنمائی بھی میسر ہوگی۔

باسط علی، ہیڈ کوچ سندھ:

باسط علی کا کہنا ہے کہ سندھ کی ٹیم نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرگئی مگر فائنل ٹو تک نہ پہنچ سکی تاہم یقین ہے کہ یہ اسکواڈ قائداعظم ٹرافی کا ٹائٹل اپنے نام کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ سیکنڈ الیون میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو فرسٹ الیون میں نمائندگی دینے کی حمایت کرتے ہیں۔

عبدالرحمٰن، ہیڈ کوچ سدرن پنجاب:

عبدالرحمٰن کا کہنا ہے کہ سدرن پنجاب کی ٹیم مکمل تیار اور قائداعظم ٹرافی کے فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے آغاز کی منتظر ہے۔ شان مسعود کی قیادت میں اعلان کردہ ان کے اسکواڈ میں محمد عباس، محمد عرفان (اسپنر)، حسین طلعت اور سیف بدر جیسے کھلاڑی موجود ہیں، اُنہیں یقین ہے کہ سدرن پنجاب کی ٹیم ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

فیصل اقبال، ہیڈ کوچ بلوچستان:

فیصل اقبال کا کہنا ہے کہ وہ اسکواڈ کے انتخاب سے مطمئن ہیں اور ان کا اصل ہدف بلوچستان سے زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ میں بھرپور نمائندگی کا موقع دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان بیٹسمین عبدالواحد بنگلزئی نے سیکنڈ الیون اسکواڈ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے فرسٹ الیون میں اپنی جگہ کو یقینی بنایا، جس پر انہیں خوشی ہے۔

شاہد انور، ہیڈ کوچ سنٹرل پنجاب:

شاہد انور کا کہنا ہے کہ ہم نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں بہت سے نئے لڑکوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دیا اور ان میں عبداللہ شفیق، قاسم اکرم، عرفان خان نیازی اور صہیب اللہ نمایاں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حسن علی اور احمد شہزاد کی واپسی سے اسکواڈ مضبوط ہوگا اور وہ ٹائٹل کا کامیاب دفاع کرنے کی کوشش کریں گے۔

عبدالرزاق، ہیڈ کوچ خیبرپختونخوا:

عبدالرزاق نے کہا کہ اسکواڈ کا انتخاب کرتے وقت انہوں نے گزشتہ سیزن کے بہترین پرفارمرز اور نوجوان کھلاڑیوں کو یکساں کھیلنے کا موقع فراہم کرنے کی کوشش ہے۔ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے بعد اب قائداعظم ٹرافی کا ٹائٹل بھی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔