بلوچستان : قلات، کورونا، اومی کرون کے مبینہ طور پر بارہ کیسز

بلوچستان میں قلات میں کورونا کے ویرینٹ اومی کرون کے بارہ کیسز...
شائع 22 دسمبر 2021 10:08pm

بلوچستان میں قلات میں کورونا کے ویرینٹ اومی کرون کے بارہ کیسز منظر عام پر آئے ہیں ۔

بلوچستان میں کورونا کے آپریشن سیل کے سربراہ نقیب اللہ نیازی کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ کورونا کے بتیس مثبت کیسز میں سے بارہ میں اومی کرون کی علامات پائی گئی ہیں ۔

حکام کے مطابق ان اومی کرون میں مبتلا افراد کا تعلق قلات سے ہے۔

نقیب اللہ نیازی نے اس حوالے سے مزید بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان افراد کے ٹیسٹ کیلئے نمونے اسلام آباد این آئی ایچ بھیج دیئے گئے ہیں اور جیو سیکوئنسنگ کے ذریعے سے اومی کرون کی تصدیق کی جائیگی جبکہ تاحال ان کو تاحال قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

کورونا کے ویریئنٹ اومی کرون کے بارہ کیسز ۔ ۔ ۔ ڈاکٹر نصراللہ لانگو

گزشتہ روز قلات ڈی ایچ او ڈاکٹر نصراللہ لانگو نے کہا تھا کہ قلات میں کرونا کے 12 کیسز سامنے آئے ہیں جن پر شبہ ہے کہ یہ اومی کرون کے مریض ہو سکتے ہیں جن کی سیمپلنگ کی جا رہی ہے۔

ڈی ایچ او قلات نے مزید بتایا کہ 12 لوگوں کی ری سیمپلنگ کے لیے خون کے نمونے ٹیسٹ کیلئے بھیج دیئے گئے ہیں تاحال اومی کرون واٸرس میں مبتلا ہونے کی باتیں قبل ازوقت ہیں۔

ڈی ایچ او کا کہنا تھا کہ رپورٹس آنے کے بعد ہی معلوم ہوسکے گا کہ آیا واقعی یہ مریض اومی کرون وائرس سے متاثرہ ہیں تاہم احتیاطاً اب تک 12مریضوں کو قرنطینہ کیا گیا ہے۔

ڈی ایچ او نے کہا کہ کورونا کے کیسز قلات میں رپورٹ ہوتے رہے ہیں جن میں خواتین بھی شامل ہیں تاہم امی کرون کے شبے میں پہلی بار سیمپل لیے گئے ہیں۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان نے قلات میں 12 افراد میں اومیکرون وائرس کی موجودگی کی اطلاعات پر اظہار تشویش کیا ہے ۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کرونا وائرس کی حفاظتی ویکسین لگانے اور وائرس کے ٹیسٹ کی پیش رفت رپورٹ بھی طلب کرلی

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مزید ہدایت دی کہ حفاظتی ویکسین لگانے اور ٹیسٹ کرنے کی استعداد میں اضافہ کیا جائے۔