اسلام آبادہائیکورٹ: چیئرمین سینیٹ الیکشن، انٹراکورٹ اپیل پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد ہائیکورٹ نے یوسف رضا گیلانی کی چیئرمین سینیٹ الیکشن...
شائع 22 دسمبر 2021 11:44pm

اسلام آباد ہائیکورٹ نے یوسف رضا گیلانی کی چیئرمین سینیٹ الیکشن کے خلاف انٹراکورٹ اپیل پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

اپیل میں فاروق ایچ نائیک نے مزید کہا پریزائیڈنگ افسر نے اختیارات کا غلط استعمال کیا، مسترد ووٹ کے لیے کسی کو بھی دوبارہ ووٹ کاسٹ کرنے کے لئے بیلٹ پیپر نہیں دیا گیا۔

جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل بینچ نے یوسف رضا گیلانی کی انٹراکورٹ اپیل پر سماعت کی۔

فاروق ایچ نائیک نے جوابی دلائل میں موقف اختیار کیا کہ سینیٹ الیکشن کے پریذائیڈنگ افسر نے چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے دوران یوسف رضا گیلانی کے 7 ووٹ مسترد کر دیے، جس پر عدالت سے رجوع کیا گیا۔

سماعت میں ان کا کہنا تھا کہ بیلٹ پیپرز کی مارکنگ کے حوالےسے کوئی قانون نہیں، بزنس آف دی ہاؤس اس حوالے سے خاموش ہے، کہا گیا کہ پروسیڈنگ آف دی ہاؤس کو چیلنج نہیں کیا جا سکتا۔

سماعت میں ان کا کہنا تھا کہ یہ درخواست پریذائیڈنگ افسر کے فیصلے کے خلاف دائر کی جسے صدر مملکت نے تعینات کیا تھا۔ تاہم پریذائیڈنگ افسر نے کہا کہ اگر آپ چیلنج کرنا چاہتے ہیں تو الیکشن ٹریبونل میں چیلنج کریں۔

فاروق ایچ نائیک نے مزید کہا قانون کے مطابق چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے کے 15 دنوں میں لیڈر آف دی اپوزیشن کا انتخاب کرنا ہوتا ہے، رٹ پٹیشن دائر کرنے کی درخواست گزار لیڈر آف دی اپوزیشن منتخب ہوگئے۔