'پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی حکمت عملی کی خود نگرانی کروں گا'
وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب کی قیادت کو بلدیاتی انتخابات کیلئے تیاری کی ہدایت کر دی۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی حکمت عملی کی خود نگرانی کروں گا۔
وزیراعظم عمران خان سے لاہور میں وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار اور صوبائی وزراء نے ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تیاری کیلئے پنجاب کی قیادت کو ٹاسک سونپ دئیے۔
پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ خود بلدیاتی انتخابات کی نگرانی کریں گے، پنجاب کی قیادت پرانے رہنماوں اور ورکرز سے بھی مشاورت کرے۔
بات چیت میں وزیر اعظم نے صحت انصاف کارڈ کی تقسیم کے عمل کو تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔
دورے میں وزیر آبپاشی محسن لغاری نے پانی کی تقسیم کے معاملے پر وزیر اعظم کو بریفننگ دی اور بتایا کہ پنجاب نے سندھ کی ٹیم کو تونسہ بیراج پر مانیٹرنگ کروائی مگر سندھ نے پنجاب کو گدو بیراج سے مانیٹرنگ کی اجازت نہیں دی جس پر وزیر اعظم نے افسوس کا اظہار کیا۔
وزیرِ اعظم نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں سوفی ازم، سائنس اور ٹیکنالوجی میں تحقیق کیلئے بننے والے ابولحسن الشاذلی ریسرچ سینٹر کا افتتاح کیا اور 14 کروڑ کی لاگت سے تعمیر ہونے ہونے والی سینٹرکی عمارت کا سنگِ بنیاد رکھا۔















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔