Aaj News

ہفتہ, اپريل 27, 2024  
18 Shawwal 1445  

ڈالر کی قیمت میں اضافہ جاری، وزیر خزانہ آئی ایم ایف پروگرام کیلئے واشنگٹن روانہ

اسلام آباد: امریکی ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور...
شائع 21 اپريل 2022 12:19pm
Photo: Twitter
Photo: Twitter

اسلام آباد: امریکی ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور انٹربینک میں 1.33 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس سے جمعرات کو خرید و فروخت کی قیمت 187.25 روپے ہو گئی ہے۔

گزشتہ پانچ دنوں میں ڈالر کی قیمت میں 5.45 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل ڈالر کی پہلے سے ہی بلند ترین سطح پر ہونے کے پس منظر میں آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کیلئے واشنگٹن روانہ ہو گئے ہیں، مبینہ طور پر ان کا نام ای سی ایل سے نکالے جانے کے بعد جلد ہی پروگرام دوبارہ شروع کیا جائے گا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر آئی ایم ایف حکام سے بات چیت کیلئے پہلے ہی واشنگٹن میں ہیں۔

اس حوالے سے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ آئی ایم ایف نے نئی حکومت سے 6 بلین ڈالر کی توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کی بحالی کیلئے پانچ اقدامات مکمل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

مفتاح اسماعیل نے وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا، سیکرٹری خزانہ اور دیگر کے ساتھ واشنگٹن روانگی سے قبل میڈیا کے ایک منتخب گروپ کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ وہ اپنے دورے کے دوران 7 تاریخ کو فنڈ کے ساتھ بات چیت کریں گے اور جی سیون ممالک کے اعلیٰ حکام، ورلڈ بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور ترکی اور سعودی عرب کے وزرائے خزانہ سے ملاقاتوں کے علاوہ آئی ایم ایف کے ایم ڈی سے ملاقات بھی متوقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی ترجیح فنڈ پروگرام کی ایک بلین ڈالر کی قسط کے اجراء کو یقینی بنانا ہو گی۔

جبکہ موجودہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سبسڈی برداشت کرے گی لیکن عوام پر بوجھ نہیں ڈالنے دے گی۔

پاکستان

IMF

Dollar

Miftah Ismail

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div