Aaj News

اتوار, مئ 19, 2024  
11 Dhul-Qadah 1445  

‘ثابت ہوگیا کہ ملک کی سب سے بڑی چور جماعت پی ٹی آئی ہے’

ملکی قانون غیر ملکیوں سے فنڈز لینے کی اجازت نہیں دیتا، ڈیڑھ سو کروڑ روپیہ غیرقانونی ذرائع سے حاصل کیا گیا، جس طرح رقم لی گئی کیا اس سے منی لانڈرنگ ثابت نہیں ہوتی، رہنما (ن) لیگ
شائع 02 اگست 2022 12:26pm
پی ٹی آئی نے جی بھر کر ملکی قانون کی خلاف ورزی کی۔
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
پی ٹی آئی نے جی بھر کر ملکی قانون کی خلاف ورزی کی۔ فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
الیکشن کمیشن کا فیصلہ 8 سال بعد آیا، پی ٹی آئی نے اپنے دفاع میں کوئی ریکارڈ نہیں دیا۔

مسلم لیگ (ن)کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عمران خان نے ہر حربہ استعمال کیا کہ کسی طرح فیصلہ نہ آئے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ 8 سال بعدآیا، عمران خان نے کوشش کی کہ معاملہ آگے نہ بڑھے، پی ٹی آئی نے تاخیر کے لیے ہر طرح کا حربہ استعمال کیا۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے اپنے دفاع میں کوئی ریکارڈ نہیں دیا، ثابت ہوگیا کہ ملک کی سب سے بڑی چور جماعت پی ٹی آئی ہے، پی ٹی آئی نے جی بھر کر ملکی قانون کی خلاف ورزی کی۔

انہوں نے کہا کہ ملکی قانون غیر ملکیوں سے فنڈز لینے کی اجازت نہیں دیتا، ڈیڑھ سو کروڑ روپیہ غیرقانونی ذرائع سے حاصل کیا گیا، جس طرح رقم لی گئی کیا اس سے منی لانڈرنگ ثابت نہیں ہوتی، ابھی تو 2014 کے بعد کے اکاؤنٹس بھی سامنے آنا ہیں۔

ن لیگی رہنماء شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ بھارتی اور امریکی شہریوں نے پی ٹی آئی کو فنڈنگ کی، مختلف ممالک میں پی ٹی آئی نے کمپنیاں بنائیں، 34 غیرملکی کمپنیوں سے فنڈز لیے گئے، ووٹن کرکٹ کلب سے 55 کروڑ روپے لیے گئے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلےکا تفصیلی جائزہ لے کر حقائق عوام کے سامنے رکھیں گے، پی ٹی آئی نے 16 اکاؤنٹس سے لاتعلقی کا اظہار کیا، 16 اکاؤنٹس پی ٹی آئی کی اعلی شخصیات چلارہی تھیں، اکاؤنٹس میں باہر بنائی گئی کمپنیوں سے پیسے آئے، جھوٹے بیان حلفی جمع کرانے والاصادق و امین کیسے ہوسکتا ہے؟۔