Aaj News

بدھ, مئ 08, 2024  
29 Shawwal 1445  

خطے میں امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا پرامن حل ناگزیر ہے: صدر، وزیراعظم

مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر کے کشمیری آج یوم سیاہ اور یوم استحصال منارہے ہیں۔
شائع 05 اگست 2022 11:19am
یوم استحصال کشمیر پر حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں کشمیریوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل
یوم استحصال کشمیر پر حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں کشمیریوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل

صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اندھا دھند ماورائے عدالتی قتل کا سلسلہ جاری ہے ،خطے میں امن کےلیے مسئلہ کشمیر کا پرامن حل ناگزیر ہے۔

صدر عارف علوی نے یوم استحصال کشمیر پر حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں کشمیریوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی قبضے کو برقرار رکھنے کے ہر طرح کے بھارتی حربے اور انتہائی ظلم و بربریت کے سامنے کشمیریوں کی یکے بعد دیگرے 3نسلوں نے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔

صدر نے کہا کہ بھارت کے 5 اگست 2019 کے اقدامات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں، مقبوضہ وادی میں 5 اگست 2019 سےاب تک 650 سے زائد افراد کا ماورائے عدالت قتل کیا جاچکا ہے۔

عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ بھارت غیر قانونی طور پر بھارتی زیرتسلط جموں و کشمیر میں سفاکانہ کارروائیوں ، قابض افواج ، زمینوں پر قبضے اور غیر کشمیریوں کی آبادکاری جیسے اقدامات سے اقوام متحدہ کی قراردادوں اوربین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ کی طرح کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی منصفانہ جدوجہد میں ان کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑا رہے گا، قابض افواج کا انتہائی ظلم وجبر کشمیریوں کے جذبہ حریت کو نہیں توڑ سکا،کشمیریوں، پاکستان اور عالمی برادری نےبھارتی اقدامات کو مسترد کر دیا ہے۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بھارت کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے لیے جوابدہ بنانے اور اس دیرینہ تنازعہ کے پرامن حل کے لیے عملی اقدامات اٹھائے،تنازعہ کا حل خطے میں پائیدار امن و استحکام کو یقینی بنانے کا واحد راستہ ہے۔

‘3سال ہوچکے ہیں،مقبوضہ وادی کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنادیا گیا’

وزیراعظم شہبازشریف نے یوم استحصال کشمیرپراپنے جاری کردہ پیغام میں کہا ہے کہ بھارت کے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ کشمیر میں غیرقانونی اور یکطرفہ اقدامات کو 3 سال ہوچکے ہیں، بھارت غیر انسانی فوجی محاصرے اور کشمیری عوام کے ناقابل بیان مصائب پر بے حسی جاری رکھے ہوئے ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ 3 سال ہوچکے ہیں، مقبوضہ وادی کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا گیا، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورت حال گزشتہ 3سالوں میں سنگین طور پر ابترہوئی ہے، کشمیری عوام ابھی تک فوجی محاصرے میں ہیں، کشمیری اعلی حریت قیادت بدستور قید میں ہے اور ان کے نوجوان بھارتی قابض افواج کی جانب سے محاصرہ اور تلاشی آپریشنز کے ذریعے اندھا دھند ماورائے عدالت قتل کا نشانہ بنے ہوئے ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ درحقیقت کشمیریوں کوان کے بنیادی حقوق اور ہرقسم کی آزادی سے مسلسل محروم رکھا جا رہا ہے،پاکستان نے کشمیریوں کے جائز مقصد کے حصول کے لیے ان کی ہر ممکن مدد کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کے لیے اپنے ایجنڈے کوبے شرمی سے آگے بڑھا رہا ہے، بھارت کی آبادکاری کی استعماری سوچ علیحدہ تشخص کوختم کرنے کی ہوس ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ بھارت اپنے تمام جبر، تشدد اور دھمکانے کے طریقوں کے باوجود ان کی آزادی کی تڑپ کو بجھانے اور ان کی مقامی اور جائز مزاحمت کو کچلنے میں ناکام رہا ہے، پاکستان اپنی طرف سے اپنے ان کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی آواز بنا رہے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ تنازعہ 7دہائیوں سے زیادہ عرصے سے اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر ہے، دیرینہ تنازعہ کو فوری اور ذمہ داری کے احساس کے ساتھ حل کیا جانا چاہیئے، عالمی برادری کو بھارتی 5 اگست 2019 کے غیرقانونی اقدامات کوروکنے کے لیے دباؤڈالنا چاہیئے۔

‘کشمیریوں کی آزادی تک کوئی پاکستانی چین سے نہیں بیٹھےگا’

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا یوم استحصال کشمیر پر اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ جب تک کشمیریوں کو آزادی نہیں مل جاتی اس وقت تک کوئی پاکستانی چین سے نہیں بیٹھےگا۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 370 کے بعد سے کشمیری عوام شدید ازیت کا شکار ہیں۔

بلاول بھٹو نے مطالبہ کیا کہ اقوام عالم بھارتی بربریت کا نوٹس لے اور بھارت میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کے لیے دباؤ ڈالے۔

‘بھارت مسلسل انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی کررہا ہے’

دوسری جانب ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار نے ہفتہ وار بریفنگ کہا کہ بھارت مسلسل انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی کررہا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ آج مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غیرقانونی اقدام کو 3 سال مکمل ہوگئے، بھارت کے اس اقدام کا مقصد سلامتی کونسل کی قراردادوں کو غیرمؤثرکرنا ہے۔

عاصم افتخار نے مزید کہاکہ بھارت کشمیر میں غیرقانونی ڈومیسائل جاری کررہا ہے، بھارت کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنا چاہتا ہے ۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div