Aaj News

پیر, مئ 06, 2024  
27 Shawwal 1445  

پاکستان کی مشہور ترین “ٹوپیاں”

ٹوپی صرف بہانوں یا کہاوتوں تک محدود نہیں بلکہ ثقافت کی عکاس بھی ہے۔
شائع 13 ستمبر 2022 10:09am
تصویر بزریعہ اے پی پی
تصویر بزریعہ اے پی پی

پاکستانیوں میں بہانے کیلئے ایک مشہور اصطلاح “ٹوپی پہنانا” استعمال ہوتی ہے، یعنی اگر کوئی بہانا بنائے تو کہا جاتا ہے کہ “ٹوپی پہنائی جارہی ہے”۔

لیکن ٹوپی صرف بہانوں یا کہاوتوں تک محدود نہیں بلکہ ثقافت کی عکاس بھی ہے۔

ایتھنوگرافک ہیڈ ویئر (سر پر پہنا جانے والا کپڑا یا پگڑی) کی ایک آزاد کیوریٹر، سٹیسی ڈبلیو ملر کے مطابق، “ٹوپیاں اور ہیڈ ڈریس ایک منفرد اور طاقت ور عینک ہیں جس کے ذریعے انسانی تجربے کو دیکھا جا سکتا ہے۔”

اس کا مطلب ہے کہ ٹوپی کسی شخص کی ثقافتی شناخت، اس کی طاقت، وقار اور عقائد کو ظاہر کر سکتی ہے۔

ہیڈ وئیرز اس بات کا اشارہ دے سکتے ہیں کہ ایک شخص کس آب و ہوا میں رہتا ہے، اس کی حیثیت کیا ہے، ٹوپی کی شکل قبائلی یا ثقافتی شناخت کو واضح کرتی ہے، جبکہ رنگ اور دیگر عناصر کسی شخص کی مذہبی وابستگی کے بارے میں بہت کچھ بتاتے ہیں۔

پاکستان سینکڑوں مختلف قبائلی ثقافتوں کا گھر ہے، جن میں سے سبھی کے اپنے منفرد قسم کے لباس اور ٹوپیاں ہیں۔

ایم حذیفہ نظام ایک ہسٹری ویب سائٹ Industales.com کے بانی ہیں اور انہوں نے پاکستان میں مختلف ثقافتوں میں پہنے جانے والی ٹوپیوں اور ہیڈ وئیرز کی فہرست بنانے اور ان کی وضاحت کرنے کا فیصلہ کیا۔

پاکستان میں ٹوپیوں کی تاریخی موجودگی کو بیان کرتے ہوئے، نظام نے ایک ٹویٹ میں کہا، “جدید پاکستان میں بسنے والی قدیم قوموں کی اپنے فن میں ہیڈ وئیرز کی تصویر کشی کی تاریخ رہی ہے۔ چار ہزار سال پرانے انڈس پجاری بادشاہ کے زیور کا ربن ہیڈ بینڈ اور دو ہزار سال پرانے گندھارن آرٹ میں پگڑیاں اس طویل روایت کا ثبوت ہیں۔

یہاں ہم آپ کو پاکستان میں سب سے زیادہ پہنے جانے والی “ٹوپیوں” اور ہیڈ وئیرز کے بارے میں بتائیں گے۔

چترالی ٹوپی، پکول

چترال کے پکول سے ہم سب واقف ہیں، یہ ٹوپی ملکی تاریخ کے سب سے مشہور اوقات کی شاہد ہے۔ شہزادی ڈیانا نے 90 کی دہائی میں جب پاکستان کا دورہ کیا تو انہیں پکول تحفے میں دی گئی۔ ڈیوک اور ڈچز آف کیمبرج پرنس ولیم اور کیٹ مڈلٹن نے ڈیانا کے نقش قدم پر چلتے ہوئے 2019 کے دورہ پاکستان کے دوران چترال کے سفر پر پکول پہنا تھا۔

یہ چترالیوں کی سب سے بڑی ثقافتی علامت ہے۔ اس قدر کہ ہر معزز شخص جو کبھی چترال کا دورہ کرتا ہے وہ اکثر دستخطی کلگی سے سجی اس ٹوپی کو پہنتا ہے۔

گلگتی ٹوپی، پخوئی

بھیڑ کی اون سے بنی پخوئی ایک ہاتھ سے بنی ٹوپی ہے جسے روایتی طور پر گلگت بلتستان میں دولہا پہنتے ہیں۔ نرم اور گول ٹاپ والی سفید ٹوپی کے سامنے ایک پنکھ جڑا ہوتا ہے۔ اسے اکثر علاقے کے مہمانوں کو اس کی خوبصورتی اور منفرد شکل کی وجہ سے پیش کیا جاتا ہے۔

پخوئی ایک پکول کی طرح نظر آسکتی ہے لیکن بڑا فرق یہ ہے کہ “یہ سلی ہوئی نہیں پوتی اور ایک موٹا رول بناتی ہے۔”

بلتی کیپ، ناٹنگ

مڑے ہوئی ٹویوں کی آخری قسم ناٹنگ ہے۔ نظام نے اپنی ٹویٹ میں بتایا کہ اسے گلگت بلتستان کے بلتی لوگ پہنتے ہیں، اس کی شکل دیگر اقسام کے مقابلے میں منفرد ہے اور اسے اکثر بلتی اپنے شاندار تہواروں کے موقع پر بھی پہنتے ہیں۔

پشتون پگڑی، پٹکے یا لونگے

سات میٹر کپڑے پر مشتمل یہ پگڑی پاکستان اور افغانستان کے پشتون لوگ پہنتے ہیں۔ فخر کی علامت اور بہت سے پشتو محاوروں کا مرکز یہ پگڑی “ کڑھائی والی ٹوپی کے گرد لپیٹی جاتی ہے اور اس کا ایک سرا کھلا چھوڑ دیا جاتا ہے۔“

پنجابی پگڑی، پگ

پنجابی پگڑی دو ٹکڑوں پر مشتمل ہوتی ہے، ایک کولہ اور ایک لنگی۔ لنگی ایک مونو کلر کا کپڑا ہے جسے کولہ کے گرد لپیٹا جاتا ہے جو کہ ایک اندرونی ٹوپی ہوتی ہے۔ پگڑی میں ایک نمایاں کڑک پن اور دم ہوتی ہے۔

نظام نے کہا کہ، “یہ عزت کی علامت سمجھی جاتی ہے اور نہ صرف کہاوتوں اور شاعری میں نمایاں ہے، بلکہ 20 ویں صدی کی پنجابی استعمار مخالف سیاست میں بھی اس کا کردار ہے۔”

سندھی ٹوپی

سندھی ثقافت کی سب سے مشہور علامتوں میں سے ایک سندھی ٹوپی اپنے محراب کی وجہ سے پہچنای جاتی ہے، اسے اکثر اجرک کے ساتھ پہنا جاتا ہے، ٹوپی پر پیچیدہ ڈیزائن کے ساتھ کڑھائی کی جاتی ہے جس میں آئینے کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں یا قیمتی پتھروں کو سِیا جاتا ہے۔

جناح کیپ، قراقلی

اگرچہ یہ پاکستان کی مقامی نہیں ہے، وسطی ایشیائی قراقلی ٹوپی پاکستان میں آزادی کی ابتدائی تین دہائیوں کے دوران بانی اور بعد میں سربراہان مملکت کے استعمال کی وجہ سے پاکستان میں بے حد مقبول ہوئی۔

شمالی پاکستان سے خواتین کی ٹوپی، خوئی

اس ٹوپی کے سامنے رنگین کڑھائی اور بھاری چاندی کے زیورات ہوتے ہیں۔ اسے شمالی پاکستان کی خواتین تہواروں کے موقع پر پہنتی ہیں۔

“اسے چترال میں ‘خوئی’ کے نام سے جانا جاتا ہے اور یہ پورے گلگت بلتستان میں دیگر علاقائی ناموں کے ساتھ مشہور ہے۔”

کیلاشی خواتین کی ٹوپی، کوپس

کوپس اوپر بیان کی گئی ٹوپیوں میں سب سے بڑی اور ممکنہ طور پر سب سے منفرد ہیڈ ویئر ہے۔ اس پر خوبصورت ڈیزائنوں کے ساتھ کڑھائی کی جاتی ہے اور مختلف موتیوں اور گولوں سے سجایا جاتا ہے، عام طور پراسے کیلاشوں کے مذہبی تہواروں پر پہنا جاتا ہے۔

Pakistani Caps

Head wears

Pakistani Fashion

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div