Aaj News

جمعہ, اپريل 26, 2024  
17 Shawwal 1445  

پی ایس ایل 8: لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو دلچسپ مقابلے کے بعد ہرادیا

ملتان سلطانز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنا سکی
اپ ڈیٹ 14 فروری 2023 09:06am
فوٹو۔۔۔۔۔ سوشل میڈیا
فوٹو۔۔۔۔۔ سوشل میڈیا

پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) 8 کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن لاہورقلندرز نے ملتان میں سلطانز کو دلچسپ مقابلے کے بعد ایک رن سے شکست دے دی۔

176 رنز کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنا سکی اوریوں میچ صرف 1 رن سے لاہور قلندرز کے نام رہا۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے میچ میں لاہور کی جانب سے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں محمد رضوان اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا لیکن شان مسعود 100 کے مجموعے پر 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

دوسری جانب محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اپنی ففٹی مکمل کی لیکن پھر وہ 75 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

رضوان کے آؤٹ ہونے کے بعد ڈیوڈ ملر 20 گیندوں پر 25 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ پولارڈ بھی 12 گیندوں پر 20 رنز بناکر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے تاہم میچ کے اختتامی مراحل میں خوشدل شاہ نے کچھ مزاحمت کی ۔

ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کو آخری اوور میں 15 جبکہ آخری گیند پر 6 رنز درکار تھے، خوشدل شاہ نے زمان خان کی گیند پر شاٹ مارا لیکن وہ چوکا ہوگیا، یوں قلندرز نے سلطانز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں فاتحانہ آغاز کردیا۔

لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین، حارث، زمان اورحسین طلعت نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کی دعوت پر پہلی بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے فخر زمان اور طاہر بیگ نے اننگز کا آغاز کیا لیکن 61 کے مجموعی اسکور پر طاہر بیگ 32 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

فخر زمان نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کی پہلی ففٹی اسکور کی اور وہ 66 رنز بنا کر اسامہ میر کا شکار بنے جبکہ شائی ہوپ 19 اور کامران غلام 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

حسین طلعت 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ سکندر رضا 19 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ لاہور کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنا سکی۔

ملتان سلطانز کی جانب سے اسامہ میر اور احسان اللہ نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ایک ایک وکٹ عقیل حسین اور شاہنواز دھانی کے حصے میں آئی۔

میچ سے قبل ترکیہ اور شام میں زلزلے میں جاں بحق افراد کو یاد کیا گیا

پاکستان سپر لیگ 8 کے افتتاحی میچ سے قبل ترکیہ اور شام میں زلزلے میں جاں بحق ہونے والے افراد کو یاد کیا گیا۔

لاہوقلندرز اور ملتان سلطانز کے کھلاڑیوں نے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی اور جاں بحق افراد کے لئے دعا بھی کی گئی۔

مین آف دا میچ

میچ میں بہترین بیٹنگ پرفارمنس پر لاہور قلندرز کے فخر زمان کو مین آف دا میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

میچ کے ہیرو فخر زمان کا کہنا تھا کہ شروع میں وکٹ ہماری توقعات کے مطابق نہیں تھی۔

میچ کے بعد بات کرتے ہوئے قلندرز کے اوپنر فخر زمان نے کہا کہ ابتدائی اوورز کے بعد جب گیند اچھی طرح بیٹ پر آئی تو رنز اسکور کیے۔

بولرز کے ٹھیک وقت پر استعمال کا فائدہ ہوا، کپتان قلندرز

فاتح ٹیم لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے بولرز کو ٹھیک وقت پر استعمال کیا جس سے فائدہ ہوا۔

شاہین شاہ افریدی نے میچ کے بعد بات کرتے ہوئے کہا کہ طاہر کا پہلا میچ تھا اس نے اچھی بیٹنگ کی جبکہ فخر زمان نے بھی بلاشبہ اچھی بیٹنگ کی ہے۔

ابتداء میں لگ رہا تھا رنز ہوجائیں گے، کپتان ملتان سلطانز

ہوم ٹیم ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ جس طرح ہم آغاز میں بیٹنگ کر رہے تھے لگ رہا تھا رنز ہوجائیں گے۔

کپتان ملتان سلطانز کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز نے اچھی بولنگ کی جس طرح سے ان کی بولنگ مشہور ہے۔

محمد رضوان نے مزید کہا کہ ہمارے بولرز نے بھی اچھی بولنگ کی، پولارڈ اور ملر نے اچھی بیٹنگ کی تاہم وہ فنش نہیں کرسکے۔

ڈاٹ بالز سے ملتان کو دباؤ میں لانے میں کامیاب رہے، حارث رؤف

پی ایس ایل 8 کے افتتاحی میچ میں فتح کے بعد ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حارث رؤف نے کہا کہ ملتان کا آغاز اچھا تھا لیکن ہمیں یقین تھا کہ ہم کم بیک کریں گے، ڈاٹ بالز سے ملتان کو دباؤ میں لانے کی کوشش کی اور کامیاب رہے۔

حارث رؤف کا کہنا تھا کہ فخر زمان نے اچھا آغاز کیا، ان سے یہی توقع کی جارہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ زمان خان نے گزشتہ سیزن میں بھی 2 میچز جتوائے، وہ توقعات پر پورا اترے۔

حارث کا کہنا تھا کہ احسان اللّٰہ پاکستان کا مستقبل ہیں، انہوں نے ڈومیسٹک میں بھی اچھی بولنگ کی ہے۔

فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ ہم ایک فیملی کی طرح کھیلتے ہیں اور ایک دوسرے پر یقین رکھتے ہیں۔

Lahore Qalandars

Multan

Multan Sultan

PSL 8

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div