Aaj News

ہفتہ, اپريل 20, 2024  
11 Shawwal 1445  

عمران خان پیش نہ ہوئے تو جائیدادیں ضبط ہو سکتی ہیں، معاون خصوصی وزیراعظم

عمران خان نے جو کرنا ہے کر لیں، احتساب ہو کر رہے گا، عطا تارڑ
شائع 07 مارچ 2023 02:12pm

معاون خصوصی وزیراعظم عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ عمران خان پیش نہ ہوئے تو جائیدادیں ضبط ہو سکتی ہیں، انہوں نے جو کرنا ہے کر لیں، احتساب ہو کر رہے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی وزیراعظم عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ عمران نیازی تاحال عدالت میں پیش نہیں ہوئے، ان کے وکیل بغیر وکالت نامے کے عدالت میں پیش ہوئے، وہ ہر پیشی میں وکیل تبدیل کر دیتے ہیں۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ عمران خان کو عدالتی کارروائی کا حصہ بننا چاہئے، اسلام آباد پولیس انہیں عدالتی احکامات پرعملدرآمد کرانے گئی تھی، لیکن وہ گرفتاری کے خوف اور ڈر میں مبتلا ہیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ عمران خان سمجھتے ہیں کہ توشہ خانہ کیس معمولی ہے، جب کہ ایسا نہیں ہے، یہ کروڑوں روپے مالیت کی ٹیکنیکل منی لانڈرنگ کی گئی ہے، چارٹرڈ طیاروں پر جانے والے توشہ خانہ کے تحائف فروخت کرتے رہے، فرح خان کو پاکستان واپس آکر جواب دینا چاہئے، اور توشہ خانہ کیس کی سماعت براہ راست دکھائی جائے۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ عمران نیازی سے زیادہ بزدل لیڈر پاکستان میں نہیں ہے، وہ قوم کے بچوں کو اپنی ڈھال بناتے ہیں، لیکن اربوں روپے کی چوری کا حساب دینے کا وقت آگیا ہے، اب عمران خان نے جو کرنا ہے کر لیں، احتساب ہو کر رہے گا، اگر وہ عدالت پیش نہ ہوئے تو ان کی جائیدادیں ضبط ہو سکتی ہیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ عمران خان کو سیکیورٹی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، لیکن آپ مجمعہ لے کر آئیں گے تو سیکیورٹی کا مسئلہ ہوگا، گزشتہ پیشی پر بھی عمران خان اپنے ساتھ مسلح جھتے لائے تھے، سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں، طور طریقے سے آئیں۔

imran khan

Atta Tarrar

Politics March 07 2023

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div