فضل الرحمان کو احتجاج کی اجازت ہے لیکن دوسروں کو نہیں، علامہ راجہ ناصر

آرمی کمانڈر کے گھر جانا آسان نہیں تھا، سکیورٹی کو کیوں اٹھایا گیا، چئیرمین ایم ڈبلیو ایم
شائع 14 مئ 2023 08:36pm

مجلس وحدت المسلمین پاکستان (ایم ڈبلیو ایم) کے چئیرمین علامہ راجہ ناصر نے کہا ہے کہ ہم 1971 دہرانے نہیں دیں گے، پاکستان کے عوام بیدار ہیں۔

زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو میں علامہ راجہ ناصر نے کہا کہ آج الیکشن کا دن تھا لیکن پنجاب میں الیکشن نہیں ہوا، یہ وہ لوگ ہیں جو ڈرا کر رکھنا چاہتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان کو احتجاج کی اجازت ہے لیکن دوسروں کو نہیں۔ یہ انتہا پسند طبقہ ہے۔

انھوں نے کہا کہ رہنما پی ٹی آئی شیریں مزاری کا کیا قصور تھا انھیں گھر سے اٹھا لیا گیا۔ ہم 1971 دہرانے نہیں دیں گے، پاکستان کے عوام بیدار ہیں۔ان کی ہر چیز الٹی ہو رہی ہے، پاکستان کے دشمنوں کو شکست ہوگی، یہ رسوا ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آرمی تنصیبات کے ساتھ جو ہوا وہ غلط ہوا، ان معاملات پر جوڈیشل کمیشن بننا چاہیے، جو بھی ملوث ہے اسے سزا ملنی چاہیے، آرمی کمانڈر کے گھر جانا آسان نہیں تھا، سکیورٹی کو کیوں اٹھا لیا گیا تھا۔