Aaj News

بدھ, مئ 01, 2024  
22 Shawwal 1445  

پی ٹی آئی کراچی کے صدر آفتاب صدیقی نے پارٹی چھوڑ دی

سابق ایم این اے عثمان خان ترکئی، پی ٹی آئی یوتھ ونگ کے 50 کارکنان نے پارٹی سے راہیں جدا کرلیں
اپ ڈیٹ 21 مئ 2023 07:40pm
فوٹو ــ فائل آفتاب صدیقی
فوٹو ــ فائل آفتاب صدیقی
فوٹو ــ فائل عثمان ترکئی
فوٹو ــ فائل عثمان ترکئی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کراچی کے صدر آفتاب صدیقی ، سابق ایم این اے عثمان خان ترکئی اور جنوبی پنجاب یوتھ ونگ سے تعلق رکھنے والے 50 کارکنان نے پارٹی سے راہیں جدا کرلیں۔

نو مئی کے واقعات کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنان کی جانب سے پارٹی چھوڑنے کا سلسلہ جاری ہے۔

پی ٹی آئی کراچی کے صدر آفتاب صدیقی نے پارٹی اور سیاست چھوڑنے کا اعلان کردیا۔ آفتاب صدیقی این اے 247 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے، یہ نشست عارف علوی کے صدر بننے کے بعد خالی ہوئی تھی۔

آفتاب صدیقی کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے پرتشدد واقعات پر افسوس ہے، پی ٹی آئی کراچی کی صدارت اور قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہورہا ہوں۔

اس سے پہلے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی ائی کے سابق ایم این اے عثمان ترکئی نے پارٹی سے کنارہ کشی کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو پی ٹی آئی کی بدترین دہشت گردی کے باعث مزید چلنا مشکل ہوگیا، پرتشدد احتجاج کی پہلے بھی مخالفت کی اور اب بھی کررہا ہوں۔

انھوں نے کہا کہ میں سمجھا تھا کہ عمران خان انصاف کی باتیں کرتے ہیں، مجھے پرویز خٹک اور اسد قیصر نے پارٹی میں آگے نہیں جانے دیا۔ پارٹی میں شہرام اور عاطف خان بھی مخالف تھے، مشکلات کے باوجود چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے تھے۔

یاد رہے کہ پی ٹی ائی کے سابق ایم این اے عثمان ترکئی نے تین روز پہلے پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے اسلام آباد میں ملاقات کی تھی، جس میں انھوں نے کہا تھا کہ وہ پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔

یوتھ ونگ کے رہنما کا ساتھیوں سمیت پارٹی چھوڑنے کا اعلان

دوسری جانب تحریک انصاف جنوبی پنجاب ونگ کے رہنما راؤ یاسر سمیت پچاس کارکنان نے پارٹی سے راہیں جدا کرنے کا اعلان کردیا۔

ملتان پریس کلب میں نیوز کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی عہدیدار راؤ یاسر کا کہنا تھا کہ کچھ شرپسند عناصر تحریک انصاف کا لبادہ اوڑھ کر پارٹی میں شامل ہوگئے ہیں جو پاک فوج اور عوام کو لڑوانا چاہتے ہیں۔

انھوں نے پی ٹی آئی قیادت سے شکوہ کیا کہ ہمارے جو کارکنان جیل میں ہیں عمران خان نے ان سے بھی لاتعلقی کا اعلان کیا کوئی بھی ہماری ذمہ داری لینے کو تیار نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ملتان کے عہدیداران انتہائی نااہل ہیں۔ ہم حقیقی پی ٹی آئی چاہتے ہیں، جلاؤ گھیراؤ کرنا تحریک کا منشور نہیں اسی لیے پارٹی کو خیر آباد کہنے کا منصوبہ بنایا۔

imran khan

PTI protest

Army Act

Rally in favor of Pakistan Army

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div