Aaj News

پیر, ستمبر 16, 2024  
11 Rabi ul Awal 1446  

پی ٹی آئی رہنما مراد سعید کا چیف جسٹس آف پاکستان کو خط

میرے قتل کا منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے جس کی ذمہ داری پارٹی قیادت پر ڈالی جائے گی، مراد سعید کا دعویٰ
شائع 24 مئ 2023 01:30pm

تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید نے جعلی مقدمات اور اپنی جان کو لاحق خطرات کے پیش نظر چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھ دیا۔

پی ٹی آئی رہنما اور سابق وزیر مواصلات مراد سعید نے چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کو خط لکھا ہے اور اس میں بنیادی آئینی حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کی درخواست کی ہے۔

مراد سعید نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ اس وقت شہریوں کے بنیادی حقوق نہایت سنگین صورتحال اختیار کیے ہوئے ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوام کے حقوق کا تحفظ کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہیں، جعلی اور بے بنیاد ایف آئی آرز کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ چل نکلا ہے۔

مراد سعید نے بتایا کہ امن کی بات کرنے پر مجھے اور میرے خاندان کو مسلسل دھمکیاں دی گئیں، ضمانت کے باوجود میری غیر موجودگی میں میرے گھر پر چھاپہ مار کر خواتین اور ملازمین کو ہراساں کیا گیا، اب میرے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کرنے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما مراد سعید کیجانب سے چیف جسٹس کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ شہید ارشد شریف کو ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کینیا میں بے دردی سے قتل کیا گیا، چیف جسٹس اور دیگر اداروں کو اپنے خدشات سے برملا آگاہ کرنے کے باوجود ارشد شریف کی آواز نہیں سنی گئی۔

مراد سعید نے خط میں کہا ہے کہ میرے قتل کا بھی منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے، جس کی ذمہ داری پارٹی قیادت پر ڈالی جائے گی، میرے گھر پر سادہ کپڑوں میں ملبوس مسلح افراد نے حملہ کرنے کی کوشش کی جو میرے پہنچنے پر با آسانی ریڈ زون میں فرار ہوگئے، اس معاملے پر بارہا کوششوں اور عدالتی احکامات کے باوجود پولیس نے ایف آئی آر درج نہ کی۔

مراد سعید نے چیف جسٹس سے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ اس صورتحال میں کسی عدالتی فورم پر کوئی قانونی چارہ جوئی نہیں کر سکتا، ریاست کے ماورائے آئین اقدامات سے میرا انصاف تک رسائی کا بنیادی حق معطل کر دیا گیا ہے، گزارش ہے کہ ان خدشات کے پیش نظر ٹھوس اور نتیجہ خیز اقدامات کیے جائیں، امید ہے کہ یہ خط نظر انداز کیے گئے ریکارڈ کا حصہ نہیں بنے گا، گزارش ہے کہ ان خدشات کے پیش نظر ٹھوس اور نتیجہ خیز اقدامات کیے جائیں گے۔

Murad Saeed

CJP Bandial

politics may 24 2023