Aaj News

بدھ, مئ 01, 2024  
22 Shawwal 1445  

چیئرمین نادرا طارق ملک مستعفیٰ، ملک سے باہر جانے پر پابندی

طارق ملک کا نام عارضی طور اسٹاپ لسٹ میں ڈال دیا گیا، ذرائع
اپ ڈیٹ 13 جون 2023 08:07pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹرریشن اتھارٹی (نادرا) کے چیئرمین طارق ملک اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، انہوں نے موجودہ کشیدہ سیاسی صورتحال کے تناظر میں استعفیٰ دیا جبکہ ایف آئی اے میں جاری تحقیقات کے باعث طارق ملک کا نام عارضی طور اسٹاپ لسٹ میں ڈال دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین نادرا اپنے عہدے سے مستعفیٰ ہوگئے۔ طارق ملک نے وزیر اعظم شہبازشریف سے ان کے آفس میں ملاقات کی اور اپنا استعفیٰ پیش کیا۔

وزیراعظم نے چیئرمین نادرا کا استعفیٰ منظور کرلیا اور کابینہ ڈویژن کو طارق ملک کے استعفے کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ہدایت بھی کردی۔

چیرمین نادرا طارق ملک کے استعفے کی کاپی سامنے آگئی، 3 صفحات پر مشتمل استعفے میں چیئرمین نادرا نے موجودہ کشیدہ سیاسی صورتحال کو وجہ بنایا۔

طارق ملک نے استعفے میں اپنی کارکردگی اورپراجیکٹس کی تفصیلات بتائیں، انہوں نے حاضر سروس یا ریٹائرڈ بیوروکریٹ کو چیئرمین نادرا کی پوسٹ نہ دینے کی سفارش بھی کی۔

ملاقات کے دوران شہباز شریف نے چیئرمین نادرا کے طور پر طارق ملک کی خدمات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی ملکی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

طارق ملک نے کہا کہ اپنے دو سالہ قیام کے دوران 45 سے زائد جدت آمیز خدمات اور سہولیات متعارف کرائیں، جن کا مقصد بچوں، نوجوانوں اور پارلیمان کو مضبوط بنانا، شہریوں کی بھرپور سہولت یقینی بنانا اور ٹیکنالوجی کو ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے استعمال میں لانا ہے۔

چیئرمین نادرا کے خلاف نادرا ٹھیکے میں مبینہ کرپشن کے حوالے سے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) تحقیقات بھی کررہی ہے۔

دوسری جانب ذرائع سے خبریں آرہی ہیں کہ طارق ملک کے ملک سے باہر جانے پر بھی عارضی طور پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

ادھر چیئرمین نادرا طارق ملک کا نام نو فلائی لسٹ میں ایڈ کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین نادرا کے خلاف ایف آئی اے میں ہونے والی تحقیقات کے باعث نام لسٹ میں ڈالا گیا۔

یاد رہے کہ طارق ملک نے 2013 میں سابق حکومت سے تناؤ بڑھ جانے پر بھی چیئرمین نادرا کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا، جس کے بعد وہ امریکا چلے گئے تھے تاہم انہیں دوبارہ اس عہدے پر تعینات کیا گیا۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div