Aaj News

منگل, مئ 21, 2024  
12 Dhul-Qadah 1445  

یونان کشتی حادثے کے بعد 60 سے زائد پاکستانی بدستور لاپتہ

تعلق گجرات اور میرپور سے ہے۔ 12 دیگر سے پاکستانی حکام ملے
اپ ڈیٹ 18 جون 2023 07:55am
تصویر - روئٹرز/فائل
تصویر - روئٹرز/فائل

یونان کے قریب سمندر میں کشتی ڈوب گئی جس کے نتیجے میں کئی افراد ہلاک ہوگئے، لاپتہ ہونے والوں 13 کا تعلق گجرات، 50 کے قریب افراد میرپور آزاد کشمیر سے ہیں۔

کشتی حادثے میں لاپتہ ہونے والے 13 نوجوانوں کا تعلق گجرات سے ہے جن میں عبداللہ، اسامہ طارق، آفتاب گورائیہ، داؤد شہزاد، ایشان الطاف، مخدوم احمد.معاذ صدیق، عامر، علی رضا بھی شامل ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ کشتی پائلوس کے جنوب مغرب میں تقریباً 80 کلومیٹر کے فاصلے پر ڈوبی، جب کوسٹ گارڈ نے ان کی مدد سے انکار کر دیا تھا۔

کشتی لیبیا سے اٹلی جا رہی تھی، جس میں سوار بیشتر افراد کی عمر20 سال تھی، جبکہ جہاز میں سوار زیادہ تر افراد کا تعلق پاکستان، شام اورمصر سے تھا۔

علی رضا پولیس ملازم اور گجرات کے محلہ امین آباد کا رہائشی ہے جبکہ بچ جانے والے 2 نوجوان عثمان صدیق، عظمت خان کا تعلق بھی گجرات سے ہے۔

دوسری جانب کمشنر میرپور چوہدری شوکت علی نے بتایا کہ یونان کشتی حادثہ میں کوٹلی کے 50 کے قریب افراد شامل ہیں میتوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزارت خارجہ اور حکومت پاکستان سے رابطے میں ہیں متاثرہ فیملیز سے رابطے کر رہے ہیں، ابھی فیملیز کو بھی اپنے بچوں کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔

شوکت علی نے کہا کہ نوجوان 3،4 ماہ پہلے بیرون ملک گئے تھے کیونکہ لوگ پاکستان سے لیگل ویزہ پر لیبیا تک جاتے ہیں پھروہاں سے غیرقانونی طریقہ اختیار کر کے یورپ جاتے ہیں۔

پھالیہ کے گاؤں برج گھنیاں کے بھی 4 نوجوان کشتی حادثے یں لاپتہ ہوئے ہیں ان میں عابد، غلام عباس، شمریز اور افضل شامل ہیں۔

لاپتہ ہونے والوں میں پانچ نوجوانوں کا تعلق سیالکوٹ سے ہے۔ ایک تحصیل پسرور اور ایک کا سمبڑیال کےعلاوہ تین نوجوانوں کا تعلق ڈسکہ سے ہے۔

پسرور کے نواحی علاقہ چندڈ کا 27 سالہ کاشف بٹ لاپتہ افراد میں شامل ہے، جو پانچ بچوں کا باپ ہے۔ والد مختار بٹ نے بتایا کہ اسلم نامی ایجنٹ نے اٹلی بھیجنے کے لئے 23 لاکھ روپے ادا کئے تھے ایجنٹ کا تعلق نوشہرہ ورکاں سے ہے۔

والد نے بتایا کہ ہماری ایجنٹ سے قانونی طریقے سے اٹلی جانے کی بات ہوی تھی، ایجنٹ کے ساتھ ایف آئی اے کا ایک ملازم بھی اسکا پارٹنر ہے۔

مزید بتایا کہ میرے بیٹے کی میت کو جلد از جلد پاکستان لایا جائے اورملزمان کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔

دوسری جانب یونان میں پاکستانی سفارتخانے نے کشتی حادثے میں 12 پاکستانی شہریوں کی باحفاظت ریسکیو کیے جانے کی تصدیق کی ہے۔

حآدثے میں ہلاک پاکستانیوں کی تعداد کی تاحال تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔ وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ کشتی حادثے میں زندہ بچ جانے والوں میں 12 پاکستانیوں کی شناخت ہوگئی ہے۔

پاکستان

Greece

Pakistan Greece Embassy