Aaj News

منگل, مئ 21, 2024  
12 Dhul-Qadah 1445  

الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی تیاریاں شروع کردیں

آئندہ انتخابات کے تمام انتظامات کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کا حکم
شائع 19 جون 2023 08:47pm
فوٹو۔۔۔۔ اے ایف پی
فوٹو۔۔۔۔ اے ایف پی

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے عام انتخابات کی تیاریاں شروع کردیں، الیکشن کمیشن نے آئندہ انتخابات کے تمام انتظامات کی بروقت اور شیڈول کے مطابق تکمیل کو یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا کہ اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔

اعلامیے کے مطابق سیکرٹری الیکشن کمیشن نے الیکشن کی تیاریوں سے متعلق بریفنگ میں بتایا کہ ضروری الیکشن مٹیریل اور بیلٹ پیپر کے لیے پیپر کی خریداری مکمل کر کے بحفاظت اسٹوریج کو یقینی بنایا گیا ہے، ڈرافٹ لِسٹ آف پولنگ اسٹیشن بھی تیار کرلی گئی ہے جو ریٹرننگ آفیسروں کے نوٹیفکیشن کے فوراَ بعد ان کے حوالے کی جائے گی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ووٹروں کے اندراج ، اخراج اور درستگی کی آخری تاریخ تیرا جولائی ہے، انتخابی فہرستوں کی طباعت وترسیل کے لیے الیکشن کمیشن نادرا سمیت تمام اداروں سے رابطے میں ہے، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسروں ، ریٹرننگ آفیسروں اور اسٹنٹ ریٹرننگ آفیسروں کا نوٹیفکیشن بروقت کردیا جائے گا، پولنگ اسٹاف کی تعیناتی کے لیے ڈیٹا بینک قائم کردیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے آئندہ جنرل الیکشن کے انعقاد سے متعلق اب تک کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور تمام انتظامات کی بروقت اور شیڈول کے مطابق تکمیل کو یقینی بنانے کا حکم دیا۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ اجلاس کے دوران الیکشن کمیشن کو پنجاب اور ضلع کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق بھی بریف کیا گیا۔

ECP

اسلام آباد

Sikander Sultan Raja

Election Commission of Pakistan (ECP)

general elections 2023

Politics June 19 2023