Aaj News

ہفتہ, جولائ 27, 2024  
20 Muharram 1446  

لاہور میں موسلا دھار بارش سے پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال پر وزیراعظم کا نوٹس

نگراں پنجاب حکومت کو نکاسی آب کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت
اپ ڈیٹ 26 جون 2023 07:40pm

وزیراعظم شہبازشریف نے لاہور میں موسلا دھار بارش سے پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال اور شہریوں کی پریشانی کا نوٹس لے لیا۔

وزیراعظم نے سیلابی صورتحال اور شہریوں کی پریشانی کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو پریشانی سے بچانے کے لیے کوئی سستی نہ دکھائی جائے۔

وزیراعظم نے نگراں پنجاب حکومت اور ضلعی انتظامیہ کو نکاسی آب کے لیے فوری اقدامات کرنے اور تمام متعلقہ اداروں کی ٹیموں کو متحرک کرنے کی بھی ہدایت کردی۔

وزیراعظم شہبازشریف نے برساتی صورتحال پر مانیٹرنگ اور انتظامی اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ 24 گھنٹے کی بنیاد پر نکاسی آب کے انتظامات کریں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ برسات اور سیلابی پانی کے پیش نظر ٹریفک کی روانی کی یقینی بنائی جائے۔

وزیراعظم نے ملک کے دیگرعلاقوں میں بھی حفاظتی انتظامات کی ہدایت کردی۔

شہباز شریف نے کہا کہ صوبائی حکومتیں اور ضلعی انتظامیہ اشتراک عمل سے شہریوں کو پریشانی سے بچائیں۔

یاد رہے کہ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش ہونے سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی ہے۔

بارشوں کے دوران آسمانی بجلی گرنے اور دیگر حادثات میں 13 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

notice

lahore

Rain

PM Shehbaz Sharif

flood situation