Aaj News

ہفتہ, مئ 04, 2024  
25 Shawwal 1445  

انتخابی فہرستوں کا معاملہ، ’الیکشن میں تاخیر کے بہانوں کو قابل قبول نہیں سمجھا جائے گا‘

ایم کیو ایم لندن کے نام پر سرگرمیوں کا ادارے نوٹس لیں، خالد مقبول
شائع 17 جولائ 2023 11:40am
فائل فوٹو
فائل فوٹو

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ شہری علاقوں کی نشستیں چھین کر تبدیلی کی کوشش کی گئی ہے، انتخابی فہرستوں کو الیکشن سے قبل درست کیا جائے، انتخابات نئی حلقہ بندیوں اورنئی فہرستوں کےساتھ کروائےجائیں، ہم پاکستان میں بروقت شفاف انتخابات کروانے کے حق میں ہیں، الیکشن میں تاخیر کے بہانوں کو قابل قبول نہیں سمجھا جائے گا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ حقوق پر ڈاکے کے باوجود ہم نے امن خراب نہیں ہونے دیا، ہم نے کوشش کی کہ شہر کراچی کا امن برقرار رہے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے 5 سال میں حصے سے زیادہ قربانیاں دیں، ہمارے بنیادی مطالبات میں درست مردم شماری بھی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ایسا الیکشن ہو جو سب کیلئے قابل قبول ہو۔

کنوینر ایم کیو ایم نے کہا کہ حکومتیں ختم ہو جائیں گی تو ہم اپنے مطالبات دہرائیں گے، ہمارے کئی مطالبے انصاف کے آج بھی متلاشی ہیں، تمام تر کاوشوں کے باوجود ایم کیو ایم ہی نشانے پر نظر آتی ہے، ایم کیو ایم نے تحمل کے ساتھ تمام مقدمات عوام کے سامنے رکھے، ہم نے کراچی کے مسئلے پر آواز اٹھائی، ہم نے اپنے اسیر ساتھیوں کی رہائی کیلئے آواز اٹھائی، شہید ساتھیوں کے خاندانوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم پاکستان ہی مہاجروں کی واحد نمائندہ سیاسی جماعت ہے، عوام منفی سرگرمیوں کاحصہ نہ بنیں۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم لندن کے نام پر سرگرمیوں کا ادارے نوٹس لیں، اس طرح کی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جانی چاہئیے، کارکنان تحمل کا مظاہرہ کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی فہرستوں کے ذریعے دھاندلی کی ابتدا کردی گئی ہے، غلطیاں درست نہ کی گئیں تو ہم امن کی ذمہ داری ادا نہیں کرپائیں گے۔

MQM Pakistan

MQM London

Census 2023

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div