Aaj News

ہفتہ, اپريل 27, 2024  
19 Shawwal 1445  

الیکشن کمیشن کا جنوری 2024 میں عام انتخابات کرانے کا اعلان، صوبوں کو تیاری کی ہدایت

حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 30 نومبرکو شائع کی جائے گی، الیکشن کمیشن
اپ ڈیٹ 21 ستمبر 2023 04:43pm
تصویر—  اے پی پی/ فائل
تصویر— اے پی پی/ فائل

الیکشن کمیشن نے جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں الیکشن کروانے کا اعلان کردیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آج کمیشن نے حلقہ بندیوں کے کام کا جائزہ لیا اور فیصلہ کیا کہ عام انتخابات جنوری کے آخری ہفتے میں کروائے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست 27 ستمبرکو شائع کی جائے گی جب کہ ابتدائی حلقہ بندیوں پر اعتراضات و تجاویز کے بعد حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 30 نومبرکو شائع کی جائے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست شائع ہونے کے 54 روز بعد عام انتخابات جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں کروا دیے جائیں گے۔

پریس ریلیز— الیکشن کمیشن
پریس ریلیز— الیکشن کمیشن

یہ بھی پڑھیں:

حلقہ بندیاں 30 نومبر تک مکمل، انتخابات جلد سے جلد ہونگے، الیکشن کمیشن

عام انتخابات جنوری کے آخری ہفتے میں ہونے کی پیشگوئی

ہمارا ہدف شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد ہے، نگراں وزیر خارجہ

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نئی مردم شماری کے مطابق حلقہ بندیاں 14 دسمبر کے بجائے 30 نومبر تک مکمل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

الیکشن کمیشن کا عام انتخابات کی تیاریاں شروع کرنے کا حکم

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے چیف سیکریٹری سندھ کو ہنگامی مراسلہ ارسال کردیا۔

الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی تیاریاں شروع کرنے کا حکم دیتے ہوئے پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے چیف سیکریٹریز کو بھی مراسلہ ارسال کردیا۔

الیکشن کمیشن کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 220 کے تحت تمام ایگزیکٹو الیکشن کمیشن کی معاونت کرنے کی پابند ہیں، چیف سیکریٹریز فوری طور پر متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو بھی ضلعی الیکشن کمیشن سے رابطے، مدد اور تعاون کی ہدایت دیں۔

جے یو آئی کا جنوری میں عام انتخابات کے اعلان کا خیر مقدم

ادھر جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) نے جنوری میں عام انتخابات کے الیکشن کمیشن کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔

سینیٹر مولانا عبدالغفورحیدری نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام نے ہمیشہ بروقت شفاف انتخابات کا مطالبہ کیا ہے، ہماری نظر میں شفاف اور غیر جانبدار الیکشن ہی ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام کا باعث ہے،

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے الیکشن کمیشن پر واضح کردیا ہے کہ اگر انتخابات میں 2018 کی تاریخ دہرائی گئی تو سخت مزاحمت کا سامنا ہوگا، ہم ملک میں غیر جانبدار الیکشن کے خواہاں ہیں۔

مولانا عبدالغفورحیدری کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہر ضلع کے الیکشن کمیشن آفسر کو آر او کے اختیارات دیے جائیں تاکہ الیکشن کی شفافیت پر سوال نہ اٹھے۔

اسلام آباد

Election Commission of Pakistan (ECP)

general elections 2023

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div