Aaj News

ہفتہ, اپريل 27, 2024  
18 Shawwal 1445  

ورلڈ کپ وارم اپ میچ: پاکستان 345 رنز کا دفاع نہ کرسکا، نیوزی لینڈ 5 وکٹوں سے کامیاب

قومی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 5 وکٹوں پر 345 رنز بنائے تھے
شائع 29 ستمبر 2023 10:47pm
فوٹو۔۔۔۔ کرک انفو
فوٹو۔۔۔۔ کرک انفو

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں پاکستان 345 رنز کا دفاع نہ کرسکا، نیوزی لینڈ نے گرین شرٹس کو با آسانی 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

نیوزی لینڈ نے پاکستان کا 346 رنز کا ہدف با آسانی 43.4 ویں اوورمیں حاصل کرلیا، کیویز کی جانب سے رچن روینڈرا 97 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ مارک چیپمین 65 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس کےعلاوہ ڈیرل مچل 59 اور کین ولیمسن 54 رنز بناکر ریٹائرڈ آؤٹ ہوئے، جمی نیشم نے 33 اور ٹام لیتھم نے 18 رنزبنائے۔

پاکستان کے اسامہ میر نے 2، محمد وسیم جونیئر، سلمان آغا اور حسن علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی اننگز

اس سے قبل پاکستان نے وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں پر 345 رنز بنائے۔

قومی ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا، اوپنر امام الحق 10 گیندوں پر محض ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ عبداللہ شفیق 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

کپتان بابراعظم اور وکٹ کیپر محمد رضوان نے 144 رنز پارٹنرشپ قائم کرکے ٹیم کا اسکور مستحکم کیا۔ کپتان بابراعظم 80 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

اس کے بعد کیپر محمد رضوان اور سعود شکیل نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور 159 رنز کی شراکت داری قائم کی، پھر سعود شکیل 75 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، دوسرے اینڈ پر محمد رضوان نے بہترین بلے بازی کرتے ہوئے 94 گیندوں پر سنچری مکمل کی۔

محمد رضوان 103 رنز بنا کر ریٹائرڈ آؤٹ ہوئے جبکہ شاداب خان نے 16، سلمان آغا نے 33 اور افتخار احمد نے 7 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے مچل سینٹنر نے 2، لوکی فرگوسن، جمی نیشم اور میٹ ہینری نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان میچ 18 ویں اوور میں بارش کے بعد روک دیا گیا تھا تاہم 45 منٹ کے وقفے کے بعد کھیل دوبارہ شروع ہوا۔

حیدر آباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت پر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ 15 رکنی اسکواڈ کے ہمراہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کھلیں گے، میگا ایونٹ سے قبل تمام کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہتے ہیں۔

اس موقع پر نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ٹام لیتھم نے کہا کہ کوشش کریں گے پاکستان کیخلاف کنڈیشز سے ہم آہنگ ہوکر ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز کریں۔

پاکستان کا اسکواڈ

کپتان بابراعظم، نائب کپتان شاداب خان، عبداللہ شفیق، امام الحق، فخر زمان، محمد رضوان، سعود شکیل، سلمان علی آغا، محمد وسیم، جونیئر، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، افتخار احمد اور محمد نواز شامل ہیں۔

واضح رہے کہ وارم اپ میچ میں تمام 15 کھلاڑی دستیاب تھے، نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے میچ کھیل کر اپنی فٹنس کا اندازہ لگایا۔

کین ولیمسن گھٹنے کی سرجری کے بعد ٹیم میں واپس آئے ہیں اس لیے ولیمسن انگلینڈ کے خلاف ورلڈکپ میچ نہیں کھیلیں گے انہوں نے آج پاکستان سے وارم اپ میچ میں صرف بیٹنگ کی البتہ جنوبی افریقا کے خلاف وارم اپ میچ میں ولیمسن بیٹنگ کے ساتھ فیلڈنگ بھی کریں گے۔

یاد رہے کہ ورلڈکپ میں پاکستان اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گا۔

cricket

Hyderabad

warm up matches

Pakistan vs New Zealand

ODI World Cup

world cup 2023

ICC ODI WORLD CUP 2023

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div