Aaj News

ہفتہ, مئ 11, 2024  
02 Dhul-Qadah 1445  

عمران خان نے سائفر اپنے پاس رکھ کر سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا، فرد جرم عائد

شاہ محمود قریشی نے چئیرمین پی ٹی آئی کی جرم میں معاونت کی، فرد جرم کا متن
اپ ڈیٹ 23 اکتوبر 2023 03:27pm
سائفر کیس : عمران خان اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان۔ فوٹو ــ فائل
سائفر کیس : عمران خان اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان۔ فوٹو ــ فائل

آفیشل سیکریٹ ایکٹ 1923 کے تحت قائم خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد کردی، جس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے سائفر اپنے پاس رکھ کر سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا، اور شاہ محمود نے اس جرم میں ان کی معاونت کی۔

چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کیخلاف سائفر کیس کی سماعت خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے اڈیالہ جیل میں کی۔

پراسیکیوٹر شاہ خاور اورایف آئی اے حکام اور جب کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے عثمان ریاض ،عمیرنیازی اور خالد یوسف جبکہ شاہ محمود قریشی کے وکلاء تیمورملک اور راجہ قمر عدالت میں پیش ہوئے.

ملزمان کے وکلا نے نئی درخواست دائر کی جس میں مؤقف پیش کیا ہے کہ اس کیس میں فرد جرم عائد نہیں ہوسکتی۔ جس پر جج نے ریمارکس دیے کہ آج کی تاریخ فرد جرم عائد کرنے کیلئے رکھی تھی۔

عدالت نے سائفرکیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اورشاہ محمود قریشی پرفرد جرم عائد کردی۔ تاہم دونوں ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔

عدالت نے کیس کے گواہ 27 اکتوبر کو طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔

چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود کے خلاف چارج شاٹ

عدالت نے شاہ محمود اور عمران خان کے خلاف چارج شیٹ جاری کردی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ 7 مارچ 2022 کو واشنگٹن سے موصول سائفر غیر متعلقہ افراد کو سونپا گیا، اور دونوں ملزمان خفیہ دستاویزات کی معلومات سے متعلق رابطوں میں ملوث پائے گئے، اور ملزمان کے خلاف رواں سال 15 اگست کو سائفر کیس کا مقدمہ درج ہوا۔

فرد جرم کے مطابق سابق وزیر اعظم نے اعظم خان کو سائفر کے منٹس اپنے انداز سے تیار کرنے کی ہدایت کی، اور اس جرم میں شاہ محمود قریشی نے چئیرمین پی ٹی آئی کی معاونت کی ، اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی سیکشن 5 اور 9 کے مرتکب ٹھہرے ہیں۔

فرد جرم کے مطابق بیرون ملک پاکستان کے کمیونیکیشن سسٹم کو کمپر ومائز کیا گیا، چیئرمین پی ٹی آئی کے اس عمل سے ریاست پاکستان کی سیفٹی متاثر ہوئی، عمران خان نے سائفر اپنے پاس رکھ کر سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا۔

واضح رہے کہ سائفر کیس کی اڈیالہ جیل میں ہونے والی سماعت میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود پر فرد جرم عائد کرنے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

سائفر کیس کی گزشتہ سماعت 17 اکتوبر کو ہوئی تھی۔ اس سماعت میں خصوصی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی 23 اکتوبر تک ملتوی کردی تھی۔

آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے خلاف اڈیالہ جیل میں سائفر کیس کی ان کیمرا سماعت کی۔

ریاستی پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی عدالت میں پیش ہوئے تھے جبکہ ایف آئی اے کی ٹیم بھی تفتیشی افسر کے ہمراہ عدالت آئی تھی۔

گزشتہ سماعت پر چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر بٹ ، خالد یوسف اور شاہ محمود قریشی کی بیٹی اور بیٹا زین قریشی بھی جیل میں موجود تھے۔

واضح رہے کہ 17 اکتوبر کو ہی سائفر کیس کے حوالے سے سابق پرنسپل سیکرٹری اور مرکزی گواہ اعظم خان کا تحریری بیان سامنے آیا تھا، انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے فوج کے خلاف ٹارگٹڈ پلان بنایا، سائفر سے متعلق اسپیکر نے رولنگ چیئرمین پی ٹی آئی کی ہدایت پر دی تھی۔

اعظم خان نے مجسٹریٹ کے سامنے دیے گئے اپنے تحریری بیان میں بتایا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے سائفر معاملہ فوج کو ٹارگٹ کرتے ہوئے سیاسی مقاصد اورعدم اعتماد میں بچنے کے لیے پلان بنایا، عمران خان اداروں پر تحریک عدم اعتماد میں مدد کے لیے ڈباؤ ڈالنا چاہتے تھے۔

اعظم خان نے تحریری بیان میں کہا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے سائفر کی کاپی حاصل کی اور بعد میں کہا کہ کاپی گم ہو گئی ہے، عمومی طور پر سائفر جس چینل سے آتا ہے اسی چینل سے واپس بھیجا جاتا ہے، 8 مارچ کو سائفر سے متعلق فارن سیکرٹری کا ٹیلی فون آیا، ٹیلی فون پر سائفر کی کاپی وزیراعظم آفس کو بھجوانے سے متعلق بتایا گیا۔

انہوں نے اپنے تحریری بیان میں مزید کہا کہ فارن سیکرٹری نے کہا 9 مارچ کو سائفر کی کاپی وزیراعظم کے حوالے کریں، چیئرمین پی ٹی آئی نے 9 مارچ کو سائفر کے ڈاکومنٹ کا معائنہ اور اس پر رائے دی، شاہ محمود قریشی سائفر کا عمران خان کو آگاہ کرچکے تھے، سابق وزیر اعظم نے سائفر کو امریکی بلنڈر کہا اور اس پر اپوزیشن اور اداروں کے خلاف مؤثر بیانیہ بنانے کا کہا کی جب عدم اعتماد آئی تو سائفر کو اس سے جوڑنے کی بھی ہدایت کی۔

MAY 9 RIOTS

cypher case Imran Khan

Cypher case

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div