Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
19 Shawwal 1445  

نوجوان ریاستی اداروں کیخلاف پروپیگنڈے کا مقابلہ کریں، آرمی چیف

25 ویں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء کا جی ایچ کیو کا دورہ، آرمی چیف سے ملاقات
اپ ڈیٹ 26 اکتوبر 2023 08:38pm

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ نوجوان ریاستی اداروں کے خلاف جاری پروپیگنڈے کا مقابلہ کریں، مسلح افواج دہشت گردی کی لعنت کا بہادری سے مقابلہ کررہی ہیں، پاکستانی عوام کے مسلسل تعاون سے ان شاء اللہ کامیابی ہمارا مقدر ہوگی، ہر پاکستانی کی حفاظت اور سلامتی انتہائی اہم ہے، کسی بھی قیمت پر سمجھوتہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 25 ویں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا۔

نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی جبکہ شرکاء کو عالمی اورعلاقائی سیکیورٹی اور قومی سلامتی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

شرکاء کو غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا، جس میں اسمگلنگ، بجلی چوری، منشیات کا پھیلاؤ، بارڈر کنٹرول کے اقدامات اور پاکستان سے غیر قانونی غیر ملکیوں کی وطن واپسی شامل ہیں۔

اس موقع پر آرمی چیف کا نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب میں کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج، سیکورٹی اور انٹیلی جنس کے ادارے دشمن قوتوں کی مسلسل کوششوں کے باوجود دہشت گردی کی لعنت کا بہادری سے مقابلہ کررہے ہیں، پاکستانی عوام کے مسلسل تعاون سے انشاء اللہ کامیابی ہمارا مقدر ہوگی۔

پاک فوج کے سپہ سالار نے اس بات پر زور دے کر کہا کہ دانشوروں اور سول سوسائٹی کی زیادہ ذمہ داری ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہماری عوام، خصوصی طور پر نوجوان نسل پاکستان کے ریاستی اداروں کے خلاف جاری پروپیگنڈے کے بارے میں اپنی معلومات میں اضافہ کریں اور اس کا مقابلہ کریں۔

غیر قانونی غیر ملکیوں کی وطن واپسی اور ملک بدری کے موضوع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ہر ایک پاکستانی کی حفاظت اور سلامتی انتہائی اہمیت کی حامل ہے جس پر کسی بھی قیمت پر سمجھوتہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

جنرل عاصم منیر نے معیشت کی بہتری کے لیے کیے گئے متعدد فعال اقدامات جس میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے نتیجے میں معیشت پر مثبت اثرات کو بھی اجاگر کیا۔

پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ فوج پاکستان کے عوام کی بہتری کے لیے ریاست کے دیگر اداروں کے ساتھ مل کر مختلف شعبوں میں قومی اور صوبائی سطح پر پوری طرح مصروف عمل ہے، ہم ایک مضبوط قوم ہیں جس نے امن اور استحکام کے حصول کے لیے بہت سی آزمائشوں کو برداشت کیا۔

مزید پڑھیں

طلباء کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کو درپیش چیلنجز کا پتہ لگائیں، آرمی چیف

پاکستانی شہری کی جان کسی بھی دوسرے ملک پر مقدم ہے، آرمی چیف

نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی سالانہ نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ میں تمام مکاتب فکر کے نمائندے شریک ہوتے ہیں جبکہ 25ویں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ میں پارلیمنٹرینز، سول اور مسلح افواج کے سینئر افسران اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سمیت 98 شرکاء شرکت کر رہے ہیں۔

rawalpindi

ISPR

COAS

GHQ

General Asim Munir

Army Chief General Asim Munir

army cheif

National Security Workshop

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div