مسجد اقصیٰ کےامام کا گھر منہدم کرنےکی تیاری
اسرائیلی فوج نے مسجدِ اقصیٰ کے امام اور یروشلم کے سابق مفتی اعظم شیخ عکرمہ سعید صابری کی رہائش گاہ کو مسمار کرنے کے مقصد سے اسے ”غیرمجاز تعمیرات“ قرار دیتے ہوئے ان کے گھر پر چھاپہ مار کارروائی کی ہے۔
ترک خبر رساں ایجنسی ”انادولو“ کے مطابق مقبوضہ مشرقی یروشلم کے سوانح محلے میں واقع 18 رہائشی کمپلیکس میں 100 سے زائد فلسطینی خاندان بستے ہیں، جن میں شیخ عکرمہ صابری کا گھر بھی ہے۔
عینی شاہدین نے انادولو کو بتایا کہ ’اسرائیلی پولیس اور انٹیلی جنس کی ایک بڑی فورس نے اتوار کی صبح مشرقی یروشلم کے سوانح محلے میں اس اپارٹمنٹ سمیت پوری عمارت پر چھاپہ مارا جہاں 85 سالہ شیخ صابری مقیم ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا، ’فورسز نے عمارت کے دروازے پر مسماری کا نوٹس آویزاں کیا، جس کی وجہ ’غیر مجاز تعمیر‘ بتائی گئی ہے۔‘
فلسطین کی خبر رساں ایجنسی ”وفا“ سے ملنے والی مزید اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ پیر کو یروشلم کے الثوری محلے میں بھی اسرائیلی چھاپہ اور گرفتاری کی ایک اور کارروائی ہوئی جس میں سات فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
مفتی اعظم شیخ عکرمہ صابری کا گھر بھی انتہائی دائیں بازو کے اسرائیلی انتہا پسندوں کا نشانہ تھا۔
مڈل ایسٹ آئی (MEE) نے اطلاع دی کہ نازی ہنٹرز نامی صہیونی انتہا پسندوں نے رواں سال 7 اکتوبر حملے کے صرف دو دن بعد قائم کردہ ایک چینل پر 13 اکتوبر کو شیخ عکرمہ صابری کے خطاب کی تشہیر کی اور ان کے قتل کا مطالبہ کیا۔
شیخ صابری کو انتہائی دائیں بازو کے گروپ نے ’ختم کرنے کے لیے سب سے اہم اہداف میں سے ایک‘ قرار دیا ہے۔
شیخ صابری کی قانونی ٹیم کے سربراہ خالد زبرقہ نے MEE کو بتایا کہ 85 سالہ مبلغ کے خلاف یہ دھمکیاں خاص طور پر تشویشناک ہیں کیونکہ ایسی کالز کو ’اسرائیلی حکومت کے اندر موجود عناصر کی حمایت حاصل ہے‘۔
خالد زبرقہ نے مزید کہا کہ ’جیسا کہ، ہمارے پاس سیکورٹی کی کمی ہے۔ اسرائیلی قانون نافذ کرنے والے ادارے ہمیں یا ہمارے فلسطینی رہنماؤں کو کوئی سیکورٹی فراہم نہیں کرتے‘۔
مفتی اعظم شیخ عکرمہ صبری فلسطین پر اسرائیل کے قبضے اور آبادکاروں کے تشدد کی مذمت کے لیے اپنی بااثر آواز استعمال کرنے کے لیے جانے جاتے ہیں۔
اسرائیلی آباد کاروں کی جانب سے بار بار بے حرمتی کے پیش نظر الاقصیٰ کے تحفظ پر شیخ صابری نے اگست میں کہا تھا کہ ’فلسطینی عوام اسے (مسجد الاقصیٰ کو) نقصان پہنچانے یا چھونے کی اجازت نہیں دیں گے‘۔
اگست میں مڈل ایسٹ مانیٹر نے رپورٹ کیا کہ مفتی اعظم شیخ عکرمہ صابری نے تمام مسلمانوں سے ’مسجد کی حفاظت، تعمیر نو اور دفاع کرنے کا مطالبہ کیا۔‘














اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔