Aaj News

ہفتہ, مئ 04, 2024  
25 Shawwal 1445  

پی ایس ایل ڈرافٹنگ میں تمام ٹیموں نے اپنے اپنے اہم ہتھیار چن لیے، ناموں کا اعلان ہوگیا

پی ایس ایل کے 9 ویں سیزن کیلئے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کا مرحلہ مکمل
شائع 13 دسمبر 2023 10:19pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ ٹوئٹر
فوٹو۔۔۔۔۔۔ ٹوئٹر

لاہور میں رنگوں اور روشنیوں سے سجی تقریب میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 9 ویں سیزن کے لیے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کا مرحلہ مکمل ہوگیا، آئندہ سیزن کے لیے تمام فرنچائزز نے اپنے اپنے اہم ہتھیار چُن لیے۔

پی ایس ایل 9 کے ڈرافٹنگ کی تقریب نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں سجائی گئی، جس میں فرنچائزز کے مالکان، چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف اور کرکٹرز شریک ہوئے۔

چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف نے ڈرافٹ تقریب کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل کے لیے تمام فرنچائزز اور اسپانسرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں، میری نیک خواہشات ٹیموں کے ساتھ ہیں، 8 سال پہلے 2016 میں پی ایس ایل کا چھوٹا پودا لگایا گیا، آج تناور درخت بن چکا ہے۔

ذکاء اشریف نے بتایا کہ پی ایس ایل کے میچز کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں ہوں گے، تمام فرنچائز پی ایس ایل کی ریڑھ کی ہڈی ہے، ہم سب مل کر پاکستان کرکٹ اور لیگ کے لیے کام کرتے رہیں گے۔

پلاٹینم کیٹیگری

ملتان سلطانز نے پلاٹینم کیٹیگری کے راؤنڈ ون میں اپنی پہلی پک میں انگلینڈ کے فاسٹ بولر ڈیوڈ ولی کو پک کرلیا۔

پی ایس ایل پلئیرز ڈرافٹ میں کراچی کنگز نے پلاٹینیم راؤنڈ ون کی دوسری پک میں ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے کیرون پولارڈ کو چن لیا جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پلاٹینیم راؤنڈ ون کی تیسری پک میں ویسٹ انڈیز کے ہی شیرفن ردرفورڈ اور محمد عامر کا انتخاب کیا۔

پشاور زلمی نے پلاٹینیم راؤنڈ ون کی چوتھی پک میں افغانستان کے نور احمد کا انتخاب کرلیا جبکہ لاہور قلندرز نے پلاٹینیم راؤنڈ ون کی چھٹی پک میں فخر زمان کا انتخاب کرلیا۔

لاہور قلندرز نے پلاٹینم کے دوسرے راؤنڈ کی پہلی پک میں جنوبی افریقا کے راسی وین ڈر ڈوسن کا انتخاب کرلیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے پلاٹینیم راؤنڈ ٹو کی دوسری پک میں انگلینڈ کے جورڈن کاکس کو پک کرلیا جبکہ کراچی کنگز نے پلاٹینیم راؤنڈ ٹو کی تیسری پک میں آسٹریلوی آل راونڈر ڈینئل سیمز جبکہ چوتھی اور آخری پک میں محمد نواز کو ٹیم کا حصہ بنالیا۔

ڈائمنڈ کٹیگری

پی ایس ایل 9 کے لیے ڈائمنڈ کیٹیگری کے راؤنڈ ون میں ملتان سلطانز نے اپنی پہلی پک میں ڈیوڈ ملان کا انتخاب کرلیا۔

پشاور زلمی نے ڈائمنڈ راؤنڈ ون کی دوسری پک میں پاکستان کے آصف علی جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ڈائمنڈ راؤنڈ ون کی تیسری پک میں انگلینڈ کے بولر ٹائمل ملز کو ٹیم کا حصہ بنایا۔

اس کے علاوہ کراچی کنگز نے ڈائمنڈ راؤنڈ ون کی چوتھی پک میں نیوزی لینڈ کے ٹم سائفرٹ جبکہ لاہور لاقلندرز نے ڈائمنڈ راؤنڈ ون کی پانچویں پک میں صاحبزادہ فرحان کو پک کرلیا۔

گولڈ کٹیگری

گولڈ کیٹیگری میں پشاور زلمی نے افغانستان کے فاسٹ بولر نوین الحق کو جبکہ ملتان سلطانز نے جنوبی افریقا کے ریزا ہینڈریکس اور انگلینڈ کے ریسی ٹوپلے کو منتخب کیا ہے۔

سلور کیٹیگری

پی ایس ایل 9 کے لیے ملتان سلطانز نے سلور کیٹیگری میں طیب طاہر، شاہ نواز دھانی، محمد علی اور عثمان خان کو پک کیا۔

لاہور قلندرز نے سلور کیٹیگری میں محمد عمران جونیئر، احسن حفیظ بھٹی اور ڈان لورینس جبکہ کراچی کنگز نے سلور کیٹیگری میں محمد عامر خان، انور علی اور عرفات منہاس کو ٹیم کا حصہ بنایا ہے۔

پشاور زلمی نے عارف یعقوب، عمیر آفریدی اور ڈین موسلی، اسلام آباد یونائیٹڈ نے شاداب خان، میتھیو فورڈ، سلمان علی آغا اور قاسم اکرام جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سعود شکیل، سجاد علی جونیئر اور عثمان قادر کو منتخب کیا۔

ایمرجنگ کیٹیگری

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایمرجنگ کیٹیگری کے پہلے راؤنڈ میں نسیم شاہ کے بھائی حنین شاہ کوپک کرلیا۔

پشاور زلمی نے محمد ذیشان، ملتان سلطان نے یاسرخان، لاہور قلندرز نے جہانداد خان، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے عادل ناز اور کراچی کنگز نے سراج الدین کو منتخب کیا۔

ایمرجنگ کیٹیگری راؤنڈ 2 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے خواجہ نافع، لاہور قلندرز نے فریدون محمود اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے نسیم شاہ کے بھائی عبید شاہ منتخب کیا۔

واضح رہے کہ نسیم شاہ اور ان کے دونوں بھائی بھی پی ایس ایل 2024 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کریں گے۔

سپلیمنٹری کیٹیگری

کراچی کنگز نے سپلیمنٹری کیٹیگری میں جیمی اوورٹن اور سعد بیگ کو سپلیمنٹری کیٹیگری میں منتخب کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سہیل خان، عاقل حسین، لاہور قلندرز نے شے ہوپ، کامران غلام ، ملتان سلطانز نے کرس جارڈن ، آفتاب ابراہیم جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے شامل حسین، ٹام کرن کو سپلیمنٹری کیٹیگری میں منتخب کرلیا۔

پشاور زلمی نےسپلیمنٹری کیٹیگری میں لونگی نگیڈی اور مہران ممتاز کو اپنی ٹیم میں شامل کیا۔

سرفراز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان برقرار

پی ایل ایل 9 میں سرفراز احمد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان برقرار رہیں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کا آغاز فروری 2024 میں ہوگا، میگا ایونٹ کے تمام میچز پاکستان میں ہی کھیلے جائیں گے۔

واضح رہے کہ لاہور قلندرز نے پلاٹینم پلیئر فخرزمان، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ڈائمنڈ کیٹیگری میں شامل محمد نواز کو ریلیز کردیا تھا، کراچی کنگز نے محمد عامر، حیدر علی، شرجیل خان اور قاسم اکرم کی خدمات دوبارہ حاصل نہیں کیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے آصف علی اور ملتان سلطانز نے شاہنواز دھانی کو ریلیز کردیا تھا۔

پاکستان کے علاوہ مجموعی طور پر 22 ملکوں سے تعلق رکھنے والے 485 غیر ملکی کرکٹرز بھی پی ایس ایل ڈرافٹ کے لیے دستیاب ہیں جن میں سے 46 پلاٹینم اور 76 ڈائمنڈ کیٹیگری میں شامل ہیں۔

پلاٹینم پلیئرز میں شامل کھلاڑیوں میں ایشٹن اگار، ڈینیل سامس، مجیب الرحمان، نور احمد، رحمان اللہ گرباز، فضل الحق فاروقی، بین ڈکٹ، کرس جارڈن، ڈیوڈ ویلی، ڈیوڈ مالان، لیوک ووڈ، ریس ٹوپلے، ٹام کرن، ٹائمل ملز، سندیپ لامی چینے، جمی نیشم، راسی وین ڈر ڈوسین، عمران طاہر، مہیش تھیکشانا، بھانوکا راجا پکسا، ڈاسن شناکا،اینجیلو میتھیوز، ایون لوئس، کیرون پولارڈ، آندرے فلیچر،کارلوس بریتھ ویٹ، رومین پاول، روماریو شیفرڈ،برینڈن کنگ اور کائل میئرز کے نام موجود ہیں۔

ڈائمنڈ کیٹیگری میں ایڈم لیتھ، عظمت اللہ عمرزئی، چاڈ بویس، چیڈوک والٹن، کرس گرین، ڈین لارنس، چمیکا کرونارتنے، چارتھ اسالنکا، دلشان مدوشنکا، دشمانتھا چمیرا، سدیرا سمارا وکرما، جارڈن کاکس، فابین ایلن، لیام ڈاسن، لٹن داس، میکس اوڈوڈ، مہدی حسن میراز، محموداللہ، اولی پاپ، اوشین تھامس، روسٹن چیس، شائی ہوپ، شمارا بروکس، تمیم اقبال، وائن پارنیل اور ظاہر خان شامل ہیں۔

PSL

lahore

Pakistan Super League

psl 9

psl draft

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div